امریکی الیکشن،جو بھی کامیاب ہواس کیساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں، ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ امریکی صدارتی انتخاب میں جو کوئی بھی کامیاب ہو پاکستان اس کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے ان امریکیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جنہوں نے تاریخ ساز الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔قبل ازیں گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان، امریکا کی جانب سے بھارت کے مقابلے میں بالخصوص کشمیر کے مسئلے پر مساوی سلوک چاہتا ہے۔جرمن جریدے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے خبردار کیا تھا کہ خطے میں گرما گرمی جاری ہے جو کسی بھی وقت بھڑک سکتی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اس لیے ہم چاہتے ہیں دنیا کا طاقت ور ترین ملک ہونے کی حیثیت سے امریکا مساوی سلوک کرے پھر وہاں چاہے جو بھی صدر بنے۔انہوں نے کہا تھا کہ امریکا سمجھتا ہے کہ بھارت، چین کو قابو کرلے گا جو ایک مکمل ناقص بنیاد ہے۔
دفترخارجہ