عمران کو لانے والے اپنی ”سوغات“ واپس لے لیں ورنہ مسائل بڑھیں گے: نواز شریف 

  عمران کو لانے والے اپنی ”سوغات“ واپس لے لیں ورنہ مسائل بڑھیں گے: نواز ...

  

لندن،لاہور (آن لائن،)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے آئی جی سندھ کے مبینہ اغواء اور کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے معاملے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ ابھی تک منظر عام پر نہ آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہیں گے اور پی ڈی ایم کے آئندہ اجلاس میں اس معاملے کو اٹھائیں گے۔عمران خان ایک ”سوغات“ ہے اور جو اس سوغات کو لیکر آئے جتنی جلدی ہو سکے اس کی جان چھڑالیں ورنہ مسائل بڑھتے جائیں گے۔یہاں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ آئی جی سندھ کے معاملے پر ابھی تک رپورٹ نہ آنا تشویش کی بات ہے۔ایاز صادق قومی اسمبلی کے فلور پر دیئے گئے بیان سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کر چکے ہیں اور ان کا وہی موقف ہے جو پہلے تھا جبکہ فواد چودھری نے جو کہا اس پر وہ کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک سوغات ہے جتنی جلدی ممکن ہو سکے لانے والے اسے واپس لے لیں کیونکہ ان کے آنے سے مسائل بڑھے ہیں اور اس سوغات کو واپس نہ لینے سے مسائل مزید بڑھتے جائیں گے اور اس شخص نے پورے پاکستان میں تباہی پھیر دی ہے جو کہ سب کو نظر آتی ہے اور یہ ان کو بھی نظر آنی چاہیے جو اسے لیکر آئے ہیں۔ اس موقع پر نواز شریف میڈیا سے شکوہ کیا کہ صحافی ان سے بات تو لیتے ہیں لیکن اس کو چلائیں گے کہاں۔کیونکہ پاکستان میں ان کا خطاب دکھانے پر پابندی ہے۔مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کسانوں پر لاٹھیاں برسائی جا رہی ہیں،جن کی پیداوار کو ذخیرہ کرکے گندم اور چینی سکینڈل میں اپنے اے ٹی ایم مشینوں کو نوازا گیا، ملکی پیداوار کیلئے پسینہ بہانے والوں کا خون بہایا گیا، جبکہ ملکی پیداوار لوٹنے والوں کو وزارتوں سے نوازا گیا۔ بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ میرے دیس کی مٹی میں جو زرخیزی ہے، وہ ہمارے ان دہقانوں اور کسان بھائیوں کے خون پسینے کی بدولت ہے۔ یہی محنت کش ہیں جن کی وجہ سے پوری قوم کو خوراک مہیا ہوتی ہے اور جب وہ اپنی محنت کا صلہ مانگیں تو ان پر یہ بہیمانہ تشدد بہت شرمناک ہے۔ ظلم کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ آج ان کسانوں پر لاٹھیاں برسائی جا رہی ہیں۔ جن کی پیداوار کو ذخیرہ کرکے گندم اور چینی سکینڈل میں اپنے اے ٹی ایم مشینوں کو نوازا گیا۔ ملکی پیداوار کیلئے پسینہ بہانے والوں کا خون بہایا گیاجبکہ ملکی پیداوار لوٹنے والوں کو وزارتوں سے نوازا گیا۔ 

مریم نواز

نوازشریف

مزید :

صفحہ اول -