ریکوڈیک منصوبہ میں اربوں ڈالر کا نقصان،26افراد کیخلاف ریفرنس دائر

       ریکوڈیک منصوبہ میں اربوں ڈالر کا نقصان،26افراد کیخلاف ریفرنس دائر

  

 کوئٹہ(این این آئی)قومی احتساب بیورو بلوچستان نے ریکوڈیک منصوبے میں قومی خزانے کو کھربوں روپے کا نقصان پہچانے والے کرپٹ عناصر کاکھوج لگا لیا، ڈی جی نیب آپریشن اور ڈی جی نیب بلوچستان کی سربراہی میں کام کرنے والی تحقیقاتی ٹیم نے مختلف محکمہ جات کے30 سال کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد ملزمان کیخلا ف ثبوت اکھٹے کر تے ہوئے حکومت بلوچستان کے سابق عہدیداروں سمیت 26 افراد کے خلاف پیچیدہ اور تاریخی ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کر دیا، ملزمان نے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے قومی مفادات کی دھجیاں اْڑا دیں، کرپٹ عناصر کی وجہ سے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ 1993 میں بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور  بروکن ہلز پروپرائیٹر ی نامی آسٹریلیوی کمپنی کے مابین چاغی ہلز ایکسپلوریشن جوائنٹ ونیچر کا ایک معائدہ طے پایاجس میں حکومت بلوچستان بالخصوص بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی جانب سے آسٹریلوی کمپنی کو غیر قانونی فائدہ پہنچایا گیا۔ قومی مفادات سے متصادم اس معائدہ کی شرائط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نا صرف غیر قانونی طریقہ سے بلوچستان مائینگ کنسیشن رولز میں ترامیم کی گئیں بلکہ بار بار غیر قانونی ذیلی معاہدے کر کے ٹیتھیا ن کا پر کمپنی نامی نئی کمپنی کو متعارف کرکے اربوں روپے کے مزید مالی فائدے حاصل کیے گے۔ محکمہ مال کے افسران کی جانب سے بھی زمین کی الاٹمنٹ اور دیگر امور میں بھی شدید بے قاعدگیاں سامنے آئیں اور ملزمان نے اس مد میں مالی فوائد لینے کا اعتراف بھی کیا۔ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور گواہوں کے بیانات سے چشم کشا حقائق سامنے آئے جس کے مطابق ٹی سی سی کے کارندے سرکاری ملازمین کو رشوت دینے اور ناجائز طور پر مفادات حاصل کرنے میں ملوث پائے گئے۔ انہی کرپٹ عناصر کی وجہ سے ریکوڈک منصوبہ جس میں ملکی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ حاصل ہونا تھا بد عنوانی کی نظر ہو گیا۔ بیرون ملک مقیم ملزمان کو بارہا طلب کیا گیا اور بالآخر 26 افراد کے خلا ف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کر دیا گیا ہے۔

ریفرنس دائر

مزید :

صفحہ اول -