کھیلوں میں کرپشن پر نئے قانون کا مسودہ وزارت قانون کو بھیج دیا گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے کھیلوں کے ماہرین اور ایف آئی حکام کی متفقہ منظوری سے کرپشن کے نئے قانون پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا مسودہ متفقہ طور پر منظور کرکے مزید کارروائی کیلئے وزارت قانون کو بھیج دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں آئی پی سی، کھیلوں کی فیڈریشن، پی سی بی اور ایف آئی اے کے حکام نے غور وخوض کے بعد پی سی بی کے مسودے کی متفقہ منظوری دی، وزارت قانون اس مسودے میں قانونی وتکنیکی پہلوﺅں کا جائزہ لے گا جس کے بعد اسے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرپشن پر کھلاڑیوں اور سٹے بازوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کر کے سزا دلانے کا باضابطہ قانون اس ماہ کے آخر میں منظور ہوجائے گا۔