پاکستان کرکٹ بورڈ ”ڈیجیٹل“ ہو گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ ”ڈیجیٹل“ ہو گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ ”ڈیجیٹل“ ہو گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)  حکومت کی ڈیجیٹیلائزیشن پالیسی سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی مستفید ہونے لگا اوراب دفتری فائل کی جگہ صرف ایک کلک سے تمام امور نبٹائے جانے لگے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان اہم معاہدہ کے بعد پی سی بی کو روایتی اور فرسودہ فائلز سسٹم سے نجات مل گئی ہے اور روزہ مرہ کے معاملات میں تیزی اور شفافیت کومزید یقینی بنا نے کیلئے جدید ای فائلنگ اور آفس آٹومیشن سسٹم کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ 

چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ظفر منظور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہمارے سافٹ وئیر کی مدد سے پی سی بی کا دفتری کام بہت آسان ہوگیا ہے، اب کاغذی فائلز کی جگہ آپ اپنے موبائل، لیپ ٹاپ سے سب چیزوں کی اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے ساتھ ضروری ہدایات اور فیصلوں کی منظوری بھی دے سکتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اس سافٹ ویئر سے نہ صرف وقت اوراخراجات کی بچت ہوگی بلکہ ہرمعاملے میں تیزی اورشفافیت بھی مل سکے گی، آفس معاملات میں تاخیری ایشوز پر بھی نظر رکھنا ممکن ہے، کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں سب کی بھرپوردلچسپی ہوتی ہے، جیت کے ذریعے یہ کھیل نہ صرف پوری قوم کو متحد کرتا ہے بلکہ ہارپرسب افسردہ بھی ہوتے ہیں، پی سی بی کے معاملات میں جدت اوربہتری کیلئے مستقبل میں بھی ان کی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔

چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے واضح کیا کہ کرکٹ کے ساتھ دوسرے کھیلوں کے حکام کی بھی معاونت کرنے کو تیار ہیں، دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں تمام شعبوں میں جدت لانا پڑے گی، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا سب سے اہم مقصد لوگوں کی زندگی میں آسانیاں لانا ہے، مختلف سرکاری محکموں میں اس سافٹ وئیر استعمال سے معاملات میں بہت بہتری آچکی ہے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ جلد سے جلد تمام محکمے ڈیجیٹلائز ہو جائیں۔ 

مزید :

کھیل -