امریکی انتخابات، کن ریاستوں کا نتیجہ آنا باقی ہے؟

امریکی انتخابات، کن ریاستوں کا نتیجہ آنا باقی ہے؟
امریکی انتخابات، کن ریاستوں کا نتیجہ آنا باقی ہے؟
کیپشن:    سورس:   Wikimedia Commons

  

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ کے صدارتی انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی کا عمل تیسرے روز میں داخل ہوچکا ہے اور ابھی تک 6 ریاستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

سی این این کے مطابق سابق نائب صدر اور ڈٰموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن تاحال 253 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے آگے ہیں جبکہ امریکہ کے 45 ویں صدر اور ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 213 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔

سی این این کی جانب سے اب تک 46 ریاستوں کا نتیجہ پیش کیا گیا ہے اور اسی بنا پر جوبائیڈن کی 253 اور ڈونلڈ ٹرمپ کی 213 سیٹوں پر کامیابی کا یقین ظاہر کیا گیا ہے۔

اس وقت 6 ریاستیں ایسی ہیں جہاں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ ان میں الاسکا ، ایریزونا، جارجیا، نیواڈا، نارتھ کیرولائنا اور پنسلوانیا شامل ہیں۔ اگر جوبائیڈن ایریزونا اور نیواڈا میں کامیابی حاصل کرلیتے ہیں تو وہ 270 کے اس عدد تک پہنچ جائیں گے جو صدر بننے کیلئے ضروری ہے۔

اب تک کے نتائج کے مطابق جوبائیڈن کو 11 ووٹوں والی ایریزونا، 6 ووٹوں والی نیواڈا میں معمولی برتری حاصل ہے اور انہیں یہی 17 ووٹ صدر بننے کیلئے درکار ہیں۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کو 3 ووٹوں والی الاسکا، 16 ووٹوں والی جارجیا، 15 ووٹوں والی نارتھ کیرولائنا اور 20 الیکٹورل ووٹوں والی پنسلوانیا میں برتری حاصل ہے۔ اگر وہ جیت کا مومنٹم برقرار رکھتے ہیں اور ایریزونا یا نیواڈا میں سے کسی ایک ریاست میں بھی کامیابی حاصل کرلیتے ہیں تو ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب ہوجائیں گے۔

مزید :

Breaking News -بین الاقوامی -