وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے پاکستان میں نئے چینی سفیر کی ملاقات

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے پاکستان میں نئے چینی سفیر کی ملاقات
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے پاکستان میں نئے چینی سفیر کی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے پاکستان میں تعینات ہونے والے نئے چینی سفیر کی ملاقات ہوئی ہے ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت سی پیک سمیت باہمی دلچسپی کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے وزارتِ خارجہ میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات ،کرونا عالمی وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔وزیرخارجہ نے نئے چینی سفیر کو پاکستان آمد اور بطور سفیر منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوہے کہا کہ آپ جیسے وسیع تجربے کی حامل شخصیت کی پاکستان میں تعیناتی سے اقتصادیات، انفراسٹرکچر سمیت کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان اور چین کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات اور لازوال دوستی کو پوری دنیا جانتی ہے جبکہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل اور کٹھن وقت میں ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لیے چین کی جانب سے فراہم کی جانے والی بروقت معاونت قابل تحسین ہے جس پر میں آپ کے توسط سے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
حنان میں چینی وزیر خارجہ وانگ ڑی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت سی پیک سمیت باہمی دلچسپی کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت جاری تمام منصوبوں کی تیز تر تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ملاقات میں چینی سفیر نونگ رونگ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔

مزید :

قومی -