اے این پی سے متعلق بیان پروزیرداخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ کی وضاحت آگئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ اے این پی نے اپنے دور حکومت میں دہشت گردی کے خلاف بیش بہا قربانیاں دیں۔ بشیر بلور اور میاں افتخار حسین کے فرزند سمیت کئی کارکن شہید ہوئے، ان کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے حوالے سے بیان کے معاملے پر ان کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اے این پی نے دہشت گردی کے خلاف بیش بہا قربانیاں دیںجس کا ہر سطح پر اعتراف کیا جاتا ہے۔ پورا ملک دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے متحد ہے۔
اس سے پہلے عوامی نیشنل پارٹی نے وزیر داخلہ کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ اے این پی کے سینئر رہنما میاں افتخار حسین نے وزیر داخلہ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ معاملے پر ٹروتھ فائنڈنگ کمیشن بنایا جائے۔ جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی وزیر داخلہ کے بیان کو نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھاکہ جب عوامی نیشنل پارٹی نے طالبان کی مخالفت کی تو انہوں نے ردعمل میں میاں افتخار کے بیٹے کو مار دیا اور بلور خاندان کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا تھاکہ ن لیگ کا بھی وہی بیانیہ ہے اور ان لوگوں کے لیے دعاگو ہیں، پاک فوج کے خلاف بولنے والوں کو بھارت چلے جانا چاہیے۔