مدارس دینیہ کی ترقی اور تکامل کا زینہ ثابت ہو رہا ہے، علامہ جوادنقوی

مدارس دینیہ کی ترقی اور تکامل کا زینہ ثابت ہو رہا ہے، علامہ جوادنقوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کاہنہ(نامہ نگار) مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کی مجلس عاملہ کا اجلاس حوزہ علمیہ جامعہ العروۃ الوثقیٰ لاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ اجلاس میں ملک بھر سے ملحق مراکز کے سربراہان کے علاؤہ مجلس شوریٰ کے اراکین بھی شامل تھے۔ اجلاس میں نئے الحاق کرنیوالے مدارس اور پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو اسناد دی گئیں۔تحریک بیداری امت مصطفیٰ، جامعہ عروۃالوثقیٰ اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجمع المدارس اپنے آغاز سے ہی انسانی زندگی کے تمام مراحل میں اسلام کی جامعیت کی تشریح اور ترویج نیز مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی تقویت کے دو اہم ترین فریضے سر انجام دے رہا ہے اور ملک عزیز میں ایک تعلیمی انقلاب کی بنیاد بن رہا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ مجمع المدارس تعلیمی عمل میں تحقیق کیفروغ اور پاکستانی مدارس کے افکار کی تعمیر نو کے دو بنیادی اراکین قائم کرنے لئے کوشاں ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ دینی مدارس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے نظام تعلیم میں جدت لائی گئی ہے اور مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ  سے ملحقہ مدارس میں قومی، ملی و عصری تقاضوں کو مدنظر رکھ کر جدید بنیادوں پر نصاب ترتیب دیا گیا ہے۔
 جن میں تفسیر و علوم قرآن، علم الحدیث، اخلاق و تربیت، علم فقہ، علم اصول، علم الکلام، تاریخ، منطق و فلسفہ، عرفان و تصوف، سیاسیات، عمرانیات، نفسیات، اقتصادیات، حقوق و قضا، مدیریت، علم ہیت و نجوم، ادبیات زبان اردو، عربی و فارسی، ادیان و مذاہب، ابلاغیات اور ارشاد و تبلیغ کو شامل کیا گیا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ مجمع المدارس پاکستان میں مدارس دینیہ کی ترقی اور تکامل کا زینہ ثابت ہو رہا ہے۔ تعلیمی ماہرین کے ساتھ مشاورت، دیگر تعلیمی اداروں اور متذکرہ تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے آئندہ نسل کی تعلیم و تربیت کا لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے جس کے تحت مختلف مسالک کے تعلیمی مراکز اور شخصیات کے ساتھ علمی تبادلہ کو فروغ دیا جا رہا ہے اور تحقیقاتی بنیاد پر تعلیمی نظام استوار ہو رہا ہے نیز پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت بھی ملحقہ دینی مدارس میں لازمی قرار دی گئی ہے۔