عمران خان پر قاتلانہ حملہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا،طاہر رشید چودھری
لاہور(سٹی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و امیدور برائے قومی اسمبلی این اے 125 طاہر رشید چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان پر حملہ ایک سوچا سمجھا اور منظم منصوبہ تھا جس کی کڑیاں رجیم چینج کے کرداروں سے مل رہی ہیں۔ اس سارے واقعے کے مرکزی ملزم نوید سے جس طرح اس سازش پر پردہ ڈالنے کے لیے جلدبازی میں بیان لیے اور آن ائیر کیے گئے۔ اس سے پس پردہ کرداروں کے چہرے مزید واضح ہو گئے ہیں اور ملزم کا بیانیہ بھی وہی جس کی وضاحت خان صاحب بارہا کر چکے تھے کہ اس طرح کے واقعے کو مذہبی انتہا پسندی کا رنگ دیا جائے گا تاکہ عوام کو اصل حقائق سے بھٹکایا جا سکے۔ اگر ہم اس واقعے کو حاضر دماغی سے سمجھنے کی کوشش کریں تو پتا چلے گا کہ حملہ ایک نہیں بلکہ دو تین اطراف سے کیا گیا اور اس میں ایک سے زائد لوگ شامل تھے۔ اگر اس سارے واقعے کی تفتیش منصفانہ طریقے سے کی گئی تو بہت سے حیران کن حقائق سامنے آئیں گے اور بہت سارے پردہ نشینوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہو جائیں گے۔ ان کو شاید یہ بھول گیا تھا کہ مارنے والے سے بچانے والا زیادہ بڑا ہے۔ خان صاحب عوام کی ریڈ لائن ہیں جنہوں نے یہ ریڈ لائن عبور کرنے کی کوشش کی ہے وہ جلد انجام تک پہنچیں گے کیونکہ عوام کا جمِ غفیر عمران خان کے ساتھ ہے فتح انشاء اللّہ حق کی ہو گی