عمران پر حملہ مذہبی انتہا پسندی:رانا ثناء اللہ

  عمران پر حملہ مذہبی انتہا پسندی:رانا ثناء اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے عمران خان ایک جھوٹا انسان ہے، وہ جھوٹ بول رہا ہے، دعوے سے کہہ سکتا ہوں اس کو 4 گولیاں نہیں لگیں، کوئی آزا د میڈیکل بورڈ بیٹھے تو اس کا جھوٹ پکڑا جائیگا، عمران خان پورے ملک و قوم کو تباہ کرنے کے درپے ہے جو قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ہم نے پہلے ہی کہا ہے اس واقعہ پر جے آئی ٹی بننی چاہیے، جے آئی ٹی میں تمام ایجنسیز کے سینئر ارکان ہوں اور واقعہ کی صاف و شفاف انکوائری کی جائے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو قبل ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے جن تین لوگوں پر الزام لگایا ہے ان کیخلاف کوئی ایک بھی ثبوت پر با ت نہیں کی، جس طرح سمندر کی گہرائی کی پیمائش نہیں کی جا سکتی اسی طرح عمران خان کے جھوٹوں کا بھی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ عمران خان الزام تراشیاں کر رہا ہے، عمران خان 4 سال وزیراعظم رہے، ان کو 18 اور 900 قتل اس وقت نظر نہیں آئے۔ اس پورے واقعہ کے ایک ایک لمحے کی ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے، عمران خان استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں تو میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کے دور حکومت میں جتنی بھی تحقیقات ہوئیں تو کیا یہ استعفیٰ دیکر انکوائری کرواتا رہا۔ چیف جسٹس آف پاکستان اپنی سربراہی میں انکوائری بنچز بٹھا دیں، وہ 900 قتل اور 18 قتل، عمران خان کے زخموں کی بھی انکوائری کریں، انہوں نے کہا جو شخص پکڑا گیا اس کو لانگ مارچ میں موجود ان کے کارکنوں کے پکڑا، گجرات پولیس نے ملزم کی ویڈیو جاری کی، کیا وہ میرے ماتحت ہے؟۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا عمران خان فساد فی الارض ہے اور یہ قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ہم بلیک میل نہیں ہونگے، اس سے پہلے بھی عمران خان نے ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے اور جیلوں میں بند کیا، ہم تب بھی بلیک میل نہیں ہوئے اور اب بھی جھوٹ اور پراپیگنڈے سے بلیک میل نہیں ہونگے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا  عمران خان سیاسی مخالف ہیں دشمن نہیں،حملہ انتہائی قابل مذمت ہے، اسدعمر نے بغیرتحقیق الزام لگایا، معاشرے میں تقسیم کا عمل گہرا کردیا گیا، ایسارویہ جمہوریت کیلئے بہت نقصان دہ ہے، پی ٹی آئی مارچ پر حملہ مذہبی انتہاپسندی کا واقعہ ہے، پی ٹی آئی کا رویہ کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا جمعرات کے روز کا واقعہ تشویشناک جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، عمران خان اپنے رویے کو بدلیں، انہیں کیسے سمجھائیں یہ تباہی کا راستہ ہے، عمران خان نے بغیر کسی تحقیق ہم پر الزامات لگائے، اسد عمر نے جو بات کی وہ قابل مذمت ہے، پی ٹی آئی کے کچھ عناصر نے پر تشدد احتجاج کیا، کچھ لوگ اسلحہ نکال کر لہراتے رہے، ملزم نے اپنے بیان میں 2 وجوہات کا ذکر کیاکہ اس نے حملہ کیوں کیا؟، ملزم نے نبوت اور پیغمبری کے دعوؤں کو بھی حملے کی وجہ قرار دیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا ملزم کے بیان کی ایک قسط کل جاری ہوئی تھی، اس کے بعد پنجاب حکومت نے اس پورے تھانے کے عملے کو معطل کردیا، پہلے بیان کا ایک حصہ لیک ہوا پھر اس کا دوسرا حصہ لیک ہوا، بیان ریکارڈ کرنیوالے نے لیک کیا یا کسی اور نے بیان لیکر لیک کیا؟وفاقی وزیر داخلہ نے کہا حملے سے متعلق تحقیقات پنجاب حکومت کو کرنی چاہئے، ملز م کی جانب سے لگائے جانیوالے الزامات انتہائی تشویشناک اورخوفناک ہیں، پی ٹی آئی لانگ مارچ میں 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، وزیراعظم نے صدف نعیم کے لواحقین کیلئے معاوضے کا اعلان کردیا تھا اور باقی تین افراد کیلئے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کس طرح بیانات دیئے کہ باہر نکلو بدلہ لو، یہی زبان جو عمران خان صاحب 2014سے اب تک بولتے آئے ہیں، یہ رویے جمہوریت کیلئے معاون نہیں ہوسکتے۔وفاقی وزیر نے کہا عمران خان سمیت سب کی صحت یابی کی دعا کی ہے، پی ٹی آئی قیادت، خان صاحب سے اپیل کرتے ہیں اپنے سکیورٹی معاملات پر نظرثانی کریں، اس ویڈیو کا وائرل ہونا انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے، ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ایسے عناصر ان معاملات پر شے پکڑیں گے، وزیر داخلہ نے کہا اس واقعے کی ایف آئی آر ابھی تک درج نہیں ہوئی، ایف آئی آر شاید مینج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو قابل مذمت ہے، کل کے واقعے میں ملزم کو موقع سے گرفتار کیا گیا۔ ماحول خوشگوار ہو تو عمران خان کی عیادت کیلئے جایا جاسکتا ہے لیکن عمران خان نے الزام ہی ہم پر لگا دیا۔
رانا ثناء

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے  کہا ہے عمران خان بار بار بیان بدل رہے ہیں، اگر انہیں قاتلوں کا پتہ تھا تو پنجاب حکومت کو کیوں نہیں بتایا اور معصوم لوگوں کا خون کیوں بہایا، رانا ثنا اللہ قاتل ہے، تو پھر ان کے اوپر ہیروئین کا مقدمہ کیوں ڈالا تھا،آڈیو لیکس کے بعد عمران خان کا رجیم چینج بیانیہ بھی ٹھس ہوگیا۔ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تم اپنے آئین کی خلاف ورزی کرو کہ میرا اقتداو اور کرسی بچاؤ اور جب وہاں سے نہ ہوئی تو ایک دن کاغذ لہرایا کہ ایٹمی طاقت کے خلاف بیرونی سازش ہوئی ہے۔ سا ئفر لہرا کہ بتایا گیا کہ بیرونی سازش ہوئی ہے تو چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات سے پہلے بیرونی سازش کہاں تھی اور اس کے بعد آڈیو لیکس آجاتی ہیں پھر سائفر، امریکی سازش اور رجیم چینج کا بیانیہ ٹھس  ہو گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سائفر کی کہانی یہ ہے کہ آڈیو لیکس میں عمران خان نے کہا کہ سائفر کے ساتھ کھیل کھیلنا ہے، چال چلنی اور منٹس کو بدلنا ہے اپنے مفاد کی خاطر۔ اس کے بعد عمران خان نے کہا کہ ضمیر کے سودے ہوئے ہیں مگر سینیٹ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے انتخابات میں ضمیر کے سودے تم کرتے رہے ہو جہاں آڈیو لیکس میں تم نے کہا کہ دو خرید لیے ہیں باقی دو کا انتظام تم کرو۔ اگر سیاست میں کسی نے سوداگری کی ہے توعمران خان نے کی ہے اور اب تم دوسروں پر الزام عائد کرتے ہو۔ عمران خان کہتے ہیں کہ میرے اوپر قاتلانہ حملہ ہوا مجھے معلوم تھا اورپہلے کہتے ہیں کہ چار بندوں نے بند کمرے میں قتل کرنے کی سازش کی پھر کہتے ہیں یہ وہ چار لوگ نہیں ہیں جن کا میں نے نام لیا ہے یہ 3 لوگ الگ ہیں، اگر تمہیں ان لوگوں کے بارے میں معلوم تھا تو معصوم لوگوں کا خون کیوں بہایا اور پنجاب حکومت کو کیون نہیں بتایا۔ اگر آپ کو پتا تھا کہ یہ واقعہ ہو رہا ہے تو ان معصوم بچوں کے والد اعظم کا خون کس کے ہاتھوں پر تلاش کریں، عمران خان کا تو آپریشن ہوگیا اور ہوش میں بھی آگئے مگر کیا وہ 14 زخمی لوگ ہسپتال بھی گئے ہیں، کیا ان کے پاس علاج کے لیے پیسے ہیں؟قبل ازیں ایک بیان میں انہوں نے کہا جلاؤ، گھیراؤ، توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ملک میں آگ لگانے والے ملک کے محسن نہیں ہو سکتے،فارن فنڈد فتنہ کی انتشار، شدت پسندی اور تقسیم کی سیاست ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہا ہے،سوال یہ ہے ابھی تک پنجاب حکومت نے ایف آئی آر کیوں نہیں کاٹی۔ اپنے بیان میں وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا،سرکاری املاک پر حملہ کرنیوالے ملک کے دوست نہیں، فارن فنڈد فتنہ کی ذہنیت نے ملک کو تقسیم کر دیا ہے، فارن فنڈڈ فتنہ کسی بھی سرکاری ہسپتال سے رپورٹ نہیں لکھوا رہے، جو قانون ہے۔ فارن فنڈڈ فتنہ اپنا میڈیکو لیگل کے قانونی ضابطوں کو پورا نہیں کر رہا۔فارن فنڈڈ فتنہ الیکشن نہیں خانہ جنگی چاہتا ہے جس کا مظاہرہ ہر روز چاہتا ہے،فارن فنڈڈ فتنہ پاکستان کا نام فاٹف سے نکلنے کیخلاف جنگ کر رہا ہے۔ وزیراطلاعات ونشریات نے کہافارن فنڈڈ فتنہ کی پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کیخلاف جنگ ہے،ملک میں سب امن امان ہے، عوام نے انتشار کی اور فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔
مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ اول -