کراچی:الخدمت کے تحت 200 باہمت بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ  

  کراچی:الخدمت کے تحت 200 باہمت بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ  

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ مزید200باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کر دی گئی۔ ہیلتھ اسکریننگ  بہار کالونی لیاری میں قائم الخدمت میڈیکل سینٹر میں منعقد کیے گئے خصوصی کیمپ میں کی گئی۔ اس موقع پر دانتوں،کان،ناک،گلا، آنکھوں اور جنرل امراض کے ماہر ڈاکٹر موجود تھے، جنہوں نے بچوں کا معائنہ کیا۔ پیرا میڈیکل اسٹاف نے ڈاکٹروں کی معاونت کی۔  بچوں کو ڈاکٹرز کی جانب سے تجویز کی گئی دوائیں بھی دی گئیں۔ اس موقع پر بچوں کی صحت سے متعلق تفصیلی معائنہ کیا گیا اور انہیں اچھی صحت کے بنیادی اصول بتائے گئے۔ کیمپ میں بچوں کی مائیں،ان کے سرپرست اور الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران کی بڑی تعد اد موجود تھی۔ دریں اثنا رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید اور ناظم علاقہ جماعت اسلامی لیاری جواد شعیب نے کیمپ کا دورہ کیا۔ وہاں بچوں سے ملاقات کی اور بچوں کی اسکریننگ کے عمل کو دیکھا۔سید عبد الرشید کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ الخدمت کراچی میں 1500 یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے اور ہر سال اپنے زیر کفالت بچوں کی کفالت کے ساتھ ان کی صحت کا خیال رکھنا بھی اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل پورے معاشے کے لیے ایک مثال ہے۔ یتیموں کی کفالت کادرس ہمیں ہمار ا دین بھی دیتا ہے اور یہ سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم بھی ہے۔ سید عبد الرشید نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس سنت جو عام کریں،کیونکہ اسی سے ہی جنت کا حصول اور رفاقت رسول ممکن ہے۔یادرہے کہ الخدمت کے تحت 1500باہمت بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی جائے گی۔اب تک 700بچوں کی اسکریننگ مکمل کی جا چکی ہے۔