ریگی کی حدود شاہی بالا میں قیمتی مکان اور پلاٹ پر قبضہ کرنے والے ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد
پشاور(کرائم رپورٹر)تھانہ ریگی پولیس نے نواحی علاقہ شاہی بالا میں قیمتی مکان اور پلاٹ پر قبضہ کرکے مسمار کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چارملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کا تعلق منظم قبضہ گروپ سے ہے جو کہ زبردستی مسمی مشرف خان کے قیمتی پراپرٹی پر قبضہ کر نے کی کوشش کررہے تھے،اور ڈرانے دھمکانے اور خوف و حراس پھیلانے کی خاطر فائرنگ بھی کر رہے تھے، اطلاع ملنے پرایس ایچ او تھانہ ریگی نے دیگر پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری ایکشن لیتے ہوئے کاروائی کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کرنے کیساتھ ساتھ مکان کو مسمار کرنے میں استعمال کرنے والا شاول گاڑی بھی پولیس قبضہ میں لیا گیا ہے،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے تفصیلات کے مطابق تھانہ ریگی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ریگی کی حدود شاہی بالا میں مسمی مشرف خان کے مکان اور پلاٹ پر چند مسلح افراد نے قبضہ کر کے مکان کو مسمار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر ایس ایچ او تھانہ ریگی عمران اللہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے دیگر پولیس ٹیم کے ہمراہ اہم کاروائی کے دوران منظم قبضہ گروپ کے چار ملزمان عابد علی،زاکر،ابراہیم اورعلی رضا پسران محبوب الرحمان کو گرفتار کر لیا،کاروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے مسمی مشرف خان کا مکان اور پلاٹ واگزار کرالیا گیا، گرفتار ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ ایک عدد کلاشنکوف،دو عدد پستول اور کارتوس برآمد کرنے کیساتھ ساتھ مکان مسمار کرنے میں استعمال ہونے والا شاول گاڑی بھی پولیس قبضہ میں لے لیا گیا ہے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے