تشدد اور سیاسی انتہا پسندی معاشرہ میں مزید بگاڑ پیدا کرے گی، سراج الحق
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتوں کی لڑائی سیاست اور جمہوریت کے لیے خطرہ ہے۔ تشدد اور سیاسی انتہا پسندی معاشرہ میں مزید بگاڑ پیدا کرے گی۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، سابق وزیراعظم پر حملہ سے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے، صوبائی حکومت اگر بڑے سیاسی رہنما کی حفاظت نہیں کر سکتی تو عام لوگوں کو تحفظ کیسے دے گی؟ اب بھی وقت ہے کہ قومی معاملات کو گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جائے، ملک مزید کسی بڑے سانحہ کامتحمل نہیں ہو سکتا، سیاست میں برداشت کا کلچر اپنانا ہو گا۔ سیاسی جماعتیں اور ان کے کارکنوں کو پرامن رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔ آئین و قانون کی بالادستی قائم کرنا ہو گی، ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں گے تو ہی ملک آگے بڑھے گا۔ مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ حضور پاک ؐسے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے لائے گئے نظام کو نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کریں۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور اسلام ہی اس کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مستونگ میں ”رحمت العالمینؐ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ سراج الحق چار روزہ دورہ پر بلوچستان میں ہیں۔ ہفتہ کو اپنے دورہ کے آخری روز وہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
سراج الحق