نوازشریف کی وطن واپسی کی اطلاعات پر چودھری شجاعت حسین کا ردعمل بھی آگیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے نوازشریف کو فی الحال ملک واپس نہ آنے اور حالات بہتر ہونے کا انتظار کرنے کا مشورہ دیاہے ۔
مقامی اخبار جنگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں پہلے بھی نواز شریف کو یہ بات کہہ چکا ہوں کہ اور اب بھی کہتا ہوں کہ وہ ابھی پاکستان نہیں آئیں۔چوہدری شجاعت حسین نے نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ عمران خان کو اس وقت امن کی ترغیب دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت کو بھی کہوں گا تحمل سے کام لیں۔
سربراہ ق لیگ کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کی ذمہ داری ہے لیکن سب کو احساس ہونا چاہیے، بات آگے بڑھانے کے بجائے ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ میڈیا میں اس وقت نوازشریف کی جلد ہی پاکستان واپسی کی خبریں چل رہی ہیں، اس صورتحال میں مسلم لیگ ن لند کے صدر زبیر گل کا ایک بیان بھی سوشل میڈیا پر وائر ل ہو رہا ہے جس میں وہ نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کر رہے ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ تاریخ 33 دسمبر کا ااعلان کر بیٹھے ہیں، اب یہ معلوم نہیں ہے کہ ان کی زبان پھسلی ہے یا پھر انہوں نے کسی اور مقصد سے کہا ۔ اس حوالے سے ان کی کوئی وضاحت بھی سامنے نہیں آ سکی ہے۔