عمران خان کے زخموں کی جانچ کےلئے میڈیکل بورڈ بنایا جائے ،شرجیل میمن

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہاہے کہ ایک بار کہاگیا کہ عمران خان کو ایک گولی لگی ،اگلے دن 4ہوگئیں،میراذاتی مطالبہ ہے عمران خان کے زخموں کی جانچ کےلئے میڈیکل بورڈ بنایا جائے ،اگر یہ واقعہ سندھ میں ہوتا توعمران خان سینٹرل جیل میں ہوتے ۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ پاکستان کو انتشار کی جانب لے جایا جارہاہے،عمران خان پر حملے کے بعد فساد برپا ہوا،پیپلزپارٹی قیادت نے عمران خان پر حملے کی مذمت کی ،واقعے کے بعد جو باتیں سامنے آئی ہیں اس نے شکوک کو جنم دیا ،ارشدشریف قتل کو بھی پی ٹی آئی نے کیش کرنے کی کوشش کی ،وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ لانگ مارچ کا وہ ردعمل نہیں آرہاتھا جس پر عمران خا ن سیاست کرتے ،گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے احتجاج میں کم لوگ نکلے ،احتجاج کو پر تشدد بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
سوال یہ ہے کہ واقعے سے کس کس کو فائدہ ہوا؟سازش کے تحت منصوبہ بنایا جارہاہے تاکہ لوگوں کی ہمدردی حاصل کی جاسکے ،کون ہے جو عمران خان کو بتا رہا ہے تھا کہ تم پر حملہ ہوگا ؟کون ہے وہ شخص جس نے عمران خان کو بتایا کہ ارشد شریف کو قتل کیا جا سکتا ہے ؟
انہوں نے کہاکہ کہا جارہاہے کہ معظم نامی شخص کو عمران خان کے گارڈ کی گولی لگی ،اس کی تحقیقات ہونی چاہیے،چیف جسٹس سپریم کورٹ واقعے کا نوٹس لیں ،انہوں نے کہاکہ اگر یہ واقعہ سندھ میں ہوتا توعمران خان سینٹرل جیل میں ہوتے ،وفاقی حکومت عمران خان کے معاملے پر نرمی برت رہی ہے،فلم کی طرح واقعات ہو رہے ہیں ، دیکھنا ہوگا ڈائریکٹر کون ہیں ۔
ان کاکہناتھا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ،بھٹو خاندان نے ملک میں جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں۔