ڈینیل ویٹوری نے افغانستان کے خلاف میچ میں مچل سٹارک کو نہ کھلانے کی وجہ بتادی

ایڈلیڈ اوول (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے اسسٹنٹ کوچ ڈینیل ویٹوری نے افغانستان کے خلاف میچ میں مچل سٹارک کو نہ کھلانے کی وجہ بتادی۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12مرحلے میں افغانستان نے آسٹریلیا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست کھائی جب کہ ٹیم میں مچل اسٹارک کو نہ کھلانے پر آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ پر سوالات اٹھائے گئے۔
افغانستان کے خلاف میچ میں آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل سٹارک پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے جس کی وجہ اب ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ نے بتائی۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ڈینیل ویٹوری نے کہا کہ اس میچ میں مچل اسٹارک کو نہ کھلانے کا فیصلہ ایک حکمت عملی تھی اور مینجمنٹ نے ان کی جگہ کین رچرڈسن کو ٹیم میں رکھنا بہتر سمجھا۔
آسٹریلوی اسسٹنٹ کوچ کا کہنا تھا کہ ہم رچرڈسن کو پاورپلے کے لیے لائے تھے، اسٹارک کو ٹیم سے باہر یہ سوچ کر رکھا گیا کہ ہیزل وڈ اور کمنز وکٹیں لیں گے، ان دونوں کے پاس نئی گیند سے وکٹیں لینے کی صلاحیت زیادہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی قیادت کی یہ سوچ تھی کہ کین ڈیتھ اوورز کے لیے غیر معمولی ہیں اس لیے ہم انہیں وہاں استعمال کریں گے۔ڈینیل ویٹوری کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ہر صورتحال میں ڈھل جانے والا ہونا چاہیے، خاص طور پر جب آپ اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہوں۔