اعظم سواتی کے بیان کے بعد اہم خفیہ ادارے کے افسر کا مصطفیٰ نواز کھوکھر سے رابطہ، گفتگو منظر عام پر آگئی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں اہم خفیہ ادارے کے افسرکا فون آیا اس نے کہا ہے اعظم سواتی کی ویڈیو کے ساتھ ان کے ادارے کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی پی رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ خفیہ ادارے کے افسر کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو ڈارک ویب پر بنائی گئی ہے۔ سینیٹر مصطفیٰ نواز کا کہنا ہے کہ انہوں نے حساس ادارے کے افسر سے کہا کہ یہ مجھے نہیں اعظم سواتی کو بتاؤ،میں اپنے ساتھی سینیٹر کے ساتھ اسی طرح کھڑا ہوں جیسے پاک فوج میجر جنرل فیصل نصیر کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ بھی یاد دلایا کہ میں وہ شخص ہوں جس نے سینیٹ الیکشن میں کیمرے ڈھونڈ لیے تھے جب ایوان کا تقدس پامال کیا جانے والا تھا۔میں جانتا ہوں کہ یہ سارا کام کس طرح ہوتا ہے۔ اگر آپ کو میری اس بات سے مسئلہ ہے تو میرے خلاف مقدمہ درج کرا دیں میں اس کا خیرمقدم کروں گا۔