آسٹریلیا میں بھارتی شہری کی گرفتاری کیلئے کروڑوں روپے کا انعام رکھ دیا گیا

کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلوی پولیس نے قتل کے مشتبہ بھارتی نژاد ملزم کو گرفتار کرانے والے کے لیے 10لاکھ آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 14کروڑ 32لاکھ روپے) انعام کا اعلان کر دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ملزم کی شناخت راجویندر سنگھ کے نام سے بتائی گئی ہے جس نے 2018ءمیں آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ میں مبینہ طور پر 24سالہ ٹویاکورڈنگلے نامی لڑکی کو قتل کیا تھا۔
پولیس کی طرف سے ملزم کی ایک تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔ ملزم کوئنزلینڈ کے شہر آئنزفیل میں بطور نرس ملازمت کرتا تھا جب اس نے یہ واردات کی۔ ٹویا کورڈنگلے 21اکتوبر 2018ءکو اپنے کتے کو ٹہلانے لے گئی تھی جب اسے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ بھارت میں ملزم کا تعلق پنجاب کے ضلع گرداس پور میں واقع گاﺅں بٹر کلاں سے ہے۔ وہ ٹویا کورڈنگلے کے قتل کے دو روز بعد اپنی بیوی اور تین بچوں کو آسٹریلیا میں ہی چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم قتل کے روز ہی آئنزفیل سے سڈنی چلا گیا تھا اور وہاں سے 23اکتوبرکو بھارت روانہ ہو گیا۔ اس کے بھارت پہنچنے کی بھی تصدیق ہو چکی ہے۔ پولیس کی طرف سے بھارت کے لوگوں کو بھی انعام کی پیشکش کی ہے۔ جو شخص راجویندر سنگھ کے متعلق معلومات مہیا کرے گااور اسے مذکورہ انعامی رقم دی جائے گی۔