عمران خان کے کرکٹ کریئر پر ایک نظر

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی میڈیا میں عمران خان کی بہادری کے خوب چرچے ہیں اور انہیں پاکستان کا ’نڈرترین لیڈر‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ انڈیا ٹائمز نے سرخی جمائی ہے کہ ”عمران خان، پاکستان کا نڈرلیڈر، جو اپنی آخری گیم میں پاکستان کو ورلڈ کپ کی عظمت تک لے گیا۔“بھارتی اخبار اپنی رپورٹ میں لکھتا ہے کہ عمران خان محض کرکٹ کی دنیا کا بڑا نام نہیں ہے، بلکہ وہ ایک ادارہ ہے۔ لیجنڈ کا لفظ ان پر کماحقہ صادق آتا ہے۔ انہوں نے اپنے آخری بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو ورلڈ کپ جتوایا۔ وہ 70ء، 80ءاور 90ءکی دہائی کے چار بڑے آل راﺅنڈرز میں سے ایک ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان نے 1971ءسے 1992ءتک پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 5ورلڈ کپ کھیلے۔ 1987ءمیں وہ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے اسے سیمی فائنل تک لے کر گئے، جہاں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم پانچ سال بعد وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
اپنے کیریئر میں انہوں نے 88ٹیسٹ میچ کھیلے اور 362 وکٹیں لیں۔ انہوں نے 37.69کی اوسط سے 3ہزار 807رنز بنائے، جن میں 6سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ 136رنز سکور کیے۔عمران خان نے 175ون ڈے میچز کھیلے، جن میں انہوں نے 187وکٹیں لیں اور 3ہزار 709رنز بنائے۔ 1985ءمیں بھارت کے خلاف انہوں نے 14رنز دے کر 6وکٹیں لیں۔