گزشتہ شب پی ٹی آئی کے مظاہرین نے بائیک جلائی، آج اسلام آباد پولیس نے نوجوان کو نئی موٹر سائیکل دے دی

سورس: Twitter
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) گزشتہ شب فیض آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین کی طرف سے ایک نوجوان کی موٹر سائیکل کو آگ لگادی گئی تھی جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے نوجوان کو نئی موٹر سائیکل خرید کر دے دی۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد سہیل ظفر چٹھہ اور سی ای او ہینڈز این جی او فیصل جمیل نے اشتیاق کو ایک نئی موٹر سائیکل دی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب اشتیاق کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ روتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ اشتیاق کے مطابق پی ٹی آئی کے 50 سے 60 مظاہرین نے اس کی موٹر سائیکل چھینی اور اسے آگ لگادی۔ اشتیاق ایک یتیم نوجوان ہے جو نویں جماعت کا طالب علم ہے اور بائیکیا کے ساتھ موٹر سائیکل چلا کر اپنے گھر اور تعلیم کا خرچہ اٹھاتا ہے۔