ٹی 20 ورلڈ کپ ، گروپ ٹو میں سے سیمی فائنل میں کون جائے گا، فیصلہ کل ہو گا

لاہور ( ویب ڈیسک ) آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز میں قومی ٹیم کی اب بھی سیمی فائنل میں شامل ہونے کی دوڑ جاری ہے ، قومی ٹیم کو سیمی فائنل کھیلنے کیلئے بنگلہ دیش کے خلاف سخت محنت ہی کافی نہیں، قوم کی اشد دعاؤں کی بھی ضرورت ہے ۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ون سے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا چکی ہیں جبکہ گروپ ٹو میں بھارت ، جنوبی افریقہ ، پاکستان اور بنگلہ دیش میں مقابلہ جاری ہے ۔ کل بھارت زمبابوے سے ٹکرائے گا۔ بھارت 4 میچز کھیل کر 6 پوائنٹس کیساتھ گروپ ٹو میں سر فہرست ہے۔ کل کا میچ جیتنے یا بارش کے باعث ڈرا ہونے کی صورت میں بھارت کی سیمی فائنل میں رسائی یقینی ہو جائے گی البتہ اپ سیٹ کی صورت میں بھارت کو بھی دعاؤں کی ضرورت ہو گی ۔
گروپ ٹو میں جنوبی افریقہ بھی اپنا آخری میچ کھیلے گا جس میں اسے نیدر لینڈ جیسے آسان حریف کے خلاف میدان میں اترنا ہے ، چار میچز کھیل کر 5 پوائنٹس کیساتھ جنوبی افریقہ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے ، جیت کی صورت میں جنوبی افریقہ کی بھی سیمی فائنل تک رسائی حتمی ہے ، البتہ بارش یا اپ سیٹ کی صورت میں ایونٹ سے باہر ہونے کا خطرہ موجود ہے ۔
پاکستان اور بنگلہ دیش اپنا آخری میچ ایک دوسرے کے خلاف کھیلے گے ، دونوں ٹیموں کے ایونٹ میں اب تک 4،4 پوائنٹس ہیں البتہ پاکستان کا رن ریٹ بنگلہ دیش سے بہتر ہے ۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان اور بنگلہ دیش کیلئے فتح بے کار ہو جائے گی ، البتہ بھارت کے ہارنے یا جنوبی افریقہ کے ہارنے ، میچ ڈرا ہونے سے جیتنے والی ٹیم کے پوائنٹس بھی 6 ہو جائیں گے جس کے بعد فیصلہ رن ریٹ کرے ۔
بظاہر تو کوئی اپ سیٹ ہوتا نظر نہیں آرہا مگر کرکٹ بائی چانس گیم ہے ۔