اگر بھارت اور زمبابوے کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو جائے تو کیا ہوگا؟

سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے گروپ 2 سے سیمی فائنل کی کوالیفکیشن ریس میں ایک بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے بنگلہ دیش کو شکست دی۔ لیکن ناک آؤٹ مرحلے کیلئے پاکستان، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ اب بھی میدان میں ہیں۔ پروٹیز کے خلاف پاکستان کی فتح نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کا منظر نامہ بدل کر رکھ دیا ہے۔ اگر ہندوستان اپنے آخری سپر 12 میچ میں زمبابوے کے خلاف جیت جاتا ہے تو سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلے گا لیکن اگر بارش ہوگئی تو کیا ہوگا؟
این ڈی ٹی وی کے مطابق ہندوستان کے اس وقت 6 پوائنٹس ہیں اور وہ نمبر ون پر پر قابض ہے جبکہ جنوبی افریقہ (5 پوائنٹس) اور پاکستان (4 پوائنٹس) کے ساتھ بالترتیب نمبر 2 اور نمبر 3 پر ہیں۔ اگر زمبابوے کے خلاف ہندوستان کے میچ میں 5 اوور کا مقابلہ بھی نہیں ہوتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا، اس صورت میں ہندوستان کے پوائنٹس کی تعداد 7 ہو جائے گی۔ایسے میں ہندوستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گا.