لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)اینٹی کرپشن عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر مل ریفرنس میں عدالتی دائرہ اختیار کا جائزہ لینے کیلئے کارروائی کچھ دیر کیلئے ملتوی کردی،جج اینٹی کرپشن نے کہاکہ ابھی ہم نے دیکھنا ہے ریفرنس پر سماعت کا ہمارے پاس اختیار ہے یا نہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر مل ریفرنس کی سماعت ہوئی،حمزہ شہباز نے عدالت کے رو برو پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی،وزیراعظم کے نمائندے انوار حسین نے پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے وکیل نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی کاپی عدالت میں پیش کردی۔
امجد پرویز نے کہاکہ نیب ترمیمی آرڈیننس کی روشنی میں اینٹی کرپشن ریفرنس پر سماعت کا دائرہ اختیار رکھتی ہے،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس ریفرنس میں فرد جرم عائد ہو چکی ہے،وکیل امجد پرویز نے کہاکہ فردجرم عائد ہو چکی ہے اور 4گواہ بھی ہیں،جج اینٹی کرپشن نے کہاکہ نیب عدالت کی فرد جرم کو ہم کیسے آگے چلا سکتے ہیں،وکیل نے کہاکہ حمزہ شہباز موجود ہیں شہبازشریف کے نمائندے کی موجودگی میں فرد جرم عائد کر سکتے ہیں،جج اینٹی کرپشن نے کہاکہ ابھی ہم نے دیکھنا ہے ریفرنس پر سماعت کا ہمارے پاس اختیار ہے یا نہیں،عدالتی دائرہ اختیار کا جائزہ لینے کیلئے کارروائی کچھ دیر کیلئے ملتوی کردی گئی۔