لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سونامی سے آگاہی سے متعلق عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سونامی جیسی قدرتی آفات، فطری عوامل ہیں اور موسمیاتی تبدیلی سے آفات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان بھی کلائیمٹ چینج کے سنگین مسئلہ سے دو چار ہیں،قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ سونامی کی تباہی سے نمٹنے کے لیے ہمیں بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا اور اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ہے۔ حکومت پنجاب نے جامع کلائیمٹ پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں قدرتی آفات میں انسانی جان و مال کا تحفظ بھی شامل ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ عوام میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے باقاعدہ آگاہی پروگرامز کا انعقاد کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ناگہانی صورتحال میں شہری حفاظتی اقدامات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر میں زلزلے کے نقصانات سے بچاؤ کی تکنیک کو اپنایا جاررہا ہے۔ ماحولیاتی بہتری کے لیے شہری حکومت کا ساتھ دیں۔دنیا کو یکجا ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔