ہم نے نیویارک میں تاریخ رقم کردی ،زہران ممدانی کا جیت کے بعد خطاب
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)نیویارک کے پہلے مسلم میئر زہران ممدانی نے کہا ہے کہ ہم نے نیویارک میں تاریخ رقم کردی ہے،میں یکم جنوری کو نیویارک میئر کے عہدے کا حلف اٹھاؤں گا۔
میئر کے انتخابات میں جیت کے بعد زہران ممدانی نے نیویارک کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ سب آپ لوگوں کی وجہ سے ممکن ہوا، ہم آپ کیلئے لڑیں گے کیوں کہ ہم آپ میں سے ہیں،ان کاکہناتھا کہ ٹیکسی ڈرائیورز، نرسنگ ورکنگ کلاس کا شکریہ، یہ شہر آپ کا ہے، جمہوریت بھی آپ کی ہے،نیویارک کے عوام نے ثابت کردیا کہ طاقت ان کے ہاتھ میں ہے،ہم لیڈرشپ کے نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں ،ایک ہزار سے زائد رضاکاروں کے مہم میں حصہ لینے پر شکرگزار ہوں۔
ان کاکہناتھا کہ آج کے الیکشن نے ثابت کردیا کہ امید ابھی زندہ ہے،آج خوف کی شکست اور امید کی جیت ہوئی ہے،میں جو کچھ بھی ہوں والدین کی وجہ سے ہوں، آپ کا بیٹا ہونے پر فخر ہے،مجھے اپنا آپ ثابت کرنے کا موقع دینے کیلئے شکریہ۔
زہران ممدانی نے کہاکہ ہم سب اس شہر کو بہتر بنانے کے منصوبے پر کام کررہے ہیں،نیویارک کو ایسا بنائیں گے جہاں ورکنگ کلاس آسانی سے رہ سکے،ان کاکہناتھا کہ مستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے،نیویارک کے شہریوں نے تبدیلی کوووٹ دیا ہے۔
