سراج خان کی لیز کی تجدید ہمیں کسی صورت منظور نہیں ، عمائدین امبار آدم 

    سراج خان کی لیز کی تجدید ہمیں کسی صورت منظور نہیں ، عمائدین امبار آدم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        مہمند(نمائندہ پاکستان) تحصیل امبار، آدم کور نیپرائٹٹ معدنیات زبردستی لیز تجدید متاثرین کی پریس کانفرنس۔ قوم نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ سراج خان کی لیز کی تجدید ہمیں کسی صورت منظور نہیں۔ قوم کے بعض افراد کی ملی بھگت سے ہمارے گھر اور کھیت بھی لیز میں شامل کی جا رہی ہے۔ ہم ہر قسم کی جرگہ کرنے کو تیار ہیں، مگر اپنے گھر اور کھیت نہیں بیچیں گے۔ان خیالات کا اظہار تحصیل امبار آدم کور عمائدین حاجی یار تاج،حاجی شہزاد خان، ملک حاجی عیسی گل، قاری شیر غنی، وسیع الرحمان، محمد حاجی، عبدالحکیم اور دیگر نے مہمند پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساز باز کرکے سازش کے تحت ہمیں اعتماد میں لیے بغیر سراج خان آدم کور پہاڑ پر نیپرائٹ لیز کی تجدید کے نام پر ملی بھگت سے پورے پہاڑ پر قبضہ کیا جا رہا ہے، جس میں ہمارے گھر، حجرے اور دیگر املاک بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی معدنیات رواج کے مطابق پہلے سے موجود کھدان(ٹک) مالکان کے ساتھ افہام و تفہیم و رضامندی سے معاملہ طے کیا جاتاہے۔ مگر مذکورہ ٹھیکیدار اصل مالکان کو نظرانداز کر کے غیر متعلقہ لوگوں کے جرگے کرکے اور ان سے انگھوٹے لگواکر سینکڑوں ایکڑ پہاڑ طویل عرصے تک لیز میں لارہاہے۔ مگرقوم اس تجدید کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم لیز ہولڈرز کے ساتھ اس تنازعے پر گفت وشنید اور جرگہ کرنے کو تیارہیں۔ جرگہ نے جو بھی فیصلہ کیا وہ ہمیں منظور ہوگا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سراج خان اثر و رسوخ سے کام لے کر ہمیں دبانا چاہتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ لیز کی تجدید پر کام روک کر قوم کے مفادات کا تحفظ کرے۔ بصورت دیگر، قومی تصادم کا خطرہ ہے، جس کی ذمہ داری ٹھیکیدار اور ضلعی انتظامیہ پر ہوگی۔