پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں متحدہ عرب امارات کا فلیگ ڈے منایا گیا،ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلیے دعا
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان سوشل سینٹر شارجہ نے 3 نومبر 2025کو متحدہ عرب امارات کا فلیگ ڈے منایا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں اور پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے سٹاف نے شرکت کی- سب نے مشترکہ طور پر یو اے ای کا فلیگ اٹھایا اور فضاء میں بلند کیا گیا-
تقریب میں موجود شرکاء نے کہا کہ یو اے ای فلیگ ڈے ہمیں اپنے تعلق کا احساس دلاتا ہے اور ہمیں ایک ساتھ روشن مستقبل بنانے کے مشترکہ عزم کی یاد دلاتا ہے- متحدہ عرب امارات کا فلیگ ڈے ایک قومی جشن ہے جو ہر سال3 نومبر کو منایا جاتا ہے۔اس دن متحدہ عرب امارات بھر کے لوگ ملک کے اتحاد، کامیابیوں اور اقدار کے احترام کے لیے قومی پرچم کو فخر سے بلند کرتے ہیں۔ اس موقع پرپاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چوہدری نے کہا کہ یہ جشن اماراتیوں اور باشندوں کی قوم اور اس کی قیادت کے تئیں حب الوطنی اور وفاداری کے گہرے احساس کی عکاسی کرتا ہے- یوم پرچم پر سرکاری عمارات، سکول، گھر اور کاروبار ایک ہی وقت میں جھنڈا اٹھاتے ہیں-
یہ تقریب قومی فخر اور اتحاد کو فروغ دیتی ہے، شہریوں کو ایک مضبوط، پرامن، اور ترقی پسند ملک کی تعمیر کے لیے بانیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے- یو اے ای فلیگ ڈے اتحاد، ترقی اور شناخت منانے کے بارے میں ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات، اس کے رہنماؤں اور عالمی سطح پر اس کی کامیابیوں کے لیے اظہار تشکر اور محبت کا اظہار کرنے کے لیے اماراتیوں اور رہائشیوں کو یکساں طور پر اکٹھا کرتا ہے- پروگرام کے آخر میں یو اے ای کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
