سوئس حکام کو خط لکھنے سے متعلق حکومت کو ایک اور مہلت مل گئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے سوئس حکام کوخط لکھنے کے لیے حکومت کو ایک اور مہلت دیدی ہے ۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے لارجر بنچ نے این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے سوئس حکام کو لکھے جانیوالے خط کا مسودہ پیش کیاجس کے مندرجات کا ججوں نے چیمبر میں جائزہ لیا اور مسودے کے پیراگراف نمبر تین کو عدالت نے مسترد کردیا۔عدالت کاکہناتھاکہ مسودے کے پہلا اور دوسرا پیراگراف عدالتی احکامات کے مطابق ہے ۔وزیرقانون نے خط کے پیراگراف نمبرتین میں ترمیم کے سلسلے میں وزیراعظم سے مشاورت کے لیے مہلت کی استدعاکی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے 10اکتوبرتک سماعت ملتوی کردی ۔