ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست ،گورے کالے پہاڑ تلے دب گئے ، اتوار کو سری لنکا اور ویسٹ اندیز کی کالی آندھیاں چلیں گی

ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست ،گورے کالے پہاڑ تلے دب گئے ، ...
ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست ،گورے کالے پہاڑ تلے دب گئے ، اتوار کو سری لنکا اور ویسٹ اندیز کی کالی آندھیاں چلیں گی

  


کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو 74 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پریماداسا انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا جو ٹی 20 ورلڈ کپ 2012ءمیں کسی بھی ٹیم کا سب سے زیادہ سکور ہے۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16.4 اوورز میں صرف 131 رنز بنا سکی اور آﺅٹ ہو گئی۔ پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔ کپتان جارج بیلے نے ویسٹ انڈین باﺅلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 29 گیندوں پر 63 رنز بنائے مگر اپنی ٹیم کو متوقع شکست سے نہ بچا سکے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 1، شین واٹسن 7، مائیک ہسی 18، کیمرون وائٹ 5، میتھیو ویڈ 1، کومنز 13، مائیکل سٹارک 2، بریڈ ہوگ 7، دوہرٹی 9 اور ڈیوڈ ہسی کوئی سکور نہ بنا سکے۔ ویسٹ انڈین بلے بازوں نے آسٹریلوی باﺅلرز کی دھلائی کرتے ہوئے چھکوں اور چوکوں کی بارش کر دی۔ ٹی 20 کرکٹ کے خطرناک بلے باز کرس گیل نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 41 گیندوں پر چھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، انہوں نے صرف 29 گیندوں پر 4 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے نصف سینچری مکمل کی۔ ویسٹ انڈیز اوپنرز نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن صرف 16 کے مجموعی سکور پر جانسن کارلز مائیکل سٹارک کی گیند پر ویڈ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مارون سیمیولز میدان میں آئے اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے اور ٹیم کے مجموعی سکور کو 57 پر پہنچا دیا۔ اس مرحلے پر ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب سیمیولز 26 رنز بنا کر کومنز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ کرس گیل اور ڈوین براوو نے شاندار اور انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 83 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کے مجموعی سکور کو 140 پر پہنچا دیا۔ اس مرحلے پر ڈووین براوو کومنز کی گیند پر جارج بیلے کے ہاتھوں کیچ ہو گئے جنہوں نے 37 رنز بنائے۔ کیرن پولارڈ کرس گیل کا ساتھ دینے میدان میں آئے اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز کا اضافہ کیا مجموعی سکور کو 205 پر پہنچا دیا۔ اننگز کے آخری اوور میں کرس گیل نے ایک اور کیرن پولارڈ نے تین چھکے لگائے، اوور کی آخری گیند پر ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں کیرن پولارڈ کیچ ہو گئے جنہوں نے صرف 15 گیندوں پر 38 رنزبنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل سٹارک اور دوہرٹی نے ایک ایک جبکہ کومنز نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مزید : کھیل