پہلا ون ڈے ،پاکستان ویمنز ٹیم نے بنگلہ دیش کو 20 رنز سے شکست دیدی

پہلا ون ڈے ،پاکستان ویمنز ٹیم نے بنگلہ دیش کو 20 رنز سے شکست دیدی

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش ویمن کو 20 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ مہمان ٹیم بنگلہ دیش 215 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور اس نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 194 رنز بنائے۔ پاکستان ویمن کی جانب سے بسمہ معروف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ اور 92 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ انعم امین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کی رومانہ احمد نے 70 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ بسمہ معروف کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ اتوار کو ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن کی کپتان ثناء میر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ اور بنگلہ دیش کی طرف سے ناہیدہ اختر نے ڈیبیو کیا۔ قومی ویمن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 214 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بسمہ معروف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 92 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے شامل تھے۔ دیگر بیٹرز میں نین عابدی 27 جبکہ جویرہ خان اور ندا ڈار 21 ، 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ ثناء میر صفر، سدرہ امین 12 ، عالیہ ریاض 6 اور اسماویہ اقبال 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ بنگلہ دیش کی طرف سے سلمی خاتون نے تین جبکہ لتا مونڈل، ناہیدہ اختر، خدیجہ اور فہیمہ خاتون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور اس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ رومانہ احمد نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ دیگر بیٹرز میں فرغانہ حق 26 ، شمیمہ سلطانہ 24 اور جہاں آراء عالم 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ پاکستان ویمن کی جانب سے انعم امین نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 25 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسماویہ اقبال، ثناء میر، ندا ڈار، عالیہ ریاض اور بسمہ معروف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بسمہ معروف کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیاکپتان ثناء میر نے کہا کہ ٹیم نے بہت عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی ہے اور اگلے دونوں ون ڈے بھی اپنے نام کریں گے اور کلین سوئپ کامیابی حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے اور مستقبل میں امید ہے کہ دیگر غیر ملکی کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی