پی آئی اے اورپالپا کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم،ڈیڈ لاک برقرار

پی آئی اے اورپالپا کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم،ڈیڈ لاک برقرار

اسلام آباد/کراچی(این این آئی)پی آئی اے اورپالپا کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ،نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ایئرلائن اور پائلٹوں میں مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے اور ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں کوئی فریق معاملے کے حل پر متفق نہ ہوسکا۔وزیراعظم کے مشیر ہوا بازی سے اسلام آباد میں پالپا کے وفد نے ملاقات کی اور پی آئی اے کے حالیہ بحران کے حل کے لئے اپنے مطالبات سے انہیں آگاہ کیا تاہم ڈھائی گھنٹے تک جاری بات چیت کے دوران کوئی حل نہ نکل سکا اور ایک مرتبہ پھر حکومت اور پالیا کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے۔دوسری جانب پالپا اور پی آئی اے حکام کے درمیان چار روز سے جاری تنازع کے باعث اب تک درجنوں پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں جب کہ متعدد تاخیر کا شکار ہیں، چار روز کے دوران اب تک 60 پروازیں منسوخ ہونے سے ادارے کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے جب کہ ایڈوانس بکنگ کرانے والے مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی و تاخیر اور مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرانے کی وجہ سے جہاں پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے وہیں مسافروں کی پریشانی سے قطع تعلق نجی ایئرلائنز نے اندرون اور بیرون ملک اپنی پروازوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔

مزید : صفحہ اول