جماعت اسلامی کا ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ ،حتمی اعلان کا آج امکان

جماعت اسلامی کا ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ ،حتمی اعلان ...

لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ جماعت اسلامی نے لاہور کے ضمنی انتخاب میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلا دیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے ذرائع نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی حمایت کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم فیصلے کا حتمی اعلان آج کیا جائے گا ۔تحر یک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمدسرور کی قیادت میں وفد نے این اے 122سے امیدوار عبد العلیم خان، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالر شید،دپٹی آرگنائزر پنجاب عمر فراز چیمہ اور لاہور کے آرگنائزر شفقت محمودکے ہمراہ منصورہ میں جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹر میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود احمد، سابق ایم پی اے احسان اللہ وقاص،ڈاکٹر ظفر اللہ مجاہد ‘خلیق احمد بٹ اورمر کزی تر جمان قصیر شر یف سمیت دیگر سے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ سے زائد تک جاری رہی جس میں لاہور کے ضمنی انتخابات کے علاوہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اور دونوں جماعتوں میں تعاون سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔چوہدری سرور کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیے کے مطابق جماعت اسلامی نے ملاقات میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرورنے کہا کہ لاہور کے ضمنی انتخابات میں ہر جگہ سے ’’بلے ‘‘کی آواز آرہی ہے اور اگر فر شتوں نے ضمنی انتخابات میں ووٹ نہ ڈالے تو ضمنی انتخابات میں تحر یک انصاف کی کا میابی یقینی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کا میاب ہوئے ہیں اور انشاء اللہ ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی تحر یک انصاف کے عبد العلیم خان اور شعب صدیقی کو سپورٹ کر یگی ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں تحر یک انصاف نے جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کر کے وہاں میں انصاف اور صحت سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے جو اقدامات کیے وہ قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام امور مکمل ہو چکے ہیں اس لیے اب اس بارے میں کوئی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ یا اتحاد ممکن ہو سکتا جہاں تک ہوسکے گا جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں ۔ پی ٹی آئی سیل سے جاری اعلامیے کے مطابق میاں مقصود احمد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تحر یک انصاف کے ساتھ مذاکرات کا میاب ہوئے ہیں جسکے تحت ہم اپنی جماعت کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملکر ضمنی انتخابات میں تحر یک انصاف کی حمایت طے کر یں گے ۔ دوسری طرف جماعت اسلامی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حمایت کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم حتمی فیصلے سے آج پیر کے روز آگاہ کریں گے۔

مزید : صفحہ اول