پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے، ثروت اعجاز قادری

پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے، ثروت اعجاز قادری

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو داعش جیسی دہشتگرد تنظیم سے محفوظ بنانے کیلئے سخت اقدامات کرنے ہونگے، دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا یہ انسانیت کے دشمن ہیں ،ملک دشمن دہشتگردوں سے پوری طاقت سے نمٹناہوگا ،ضرب عضب آپریشن کے ذریعے داعش کے سائے کو بھی بھٹکنے نہ دیا جائے ،داعش کی حمایت کرنیوالوں کو قانون کی گرفت میں لیا جائے ،بھارت کو ڈائیلاگ سے بھاگنے کا موقع نہیں دینا چاہیے ،پاکستان نے امن فارمولاچار نکات پیش کرکے بھارت کی نیندیں اڑادی ہیں ،بھارت حقائق کو چھپانے کیلئے دہشتگردی کا شور مچارہا ہے ،پاکستان میں دہشتگردی بھارتی ہاتھ ملوث ہونے کے شواہدسے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،ڈائیلاگ کی میز سے بھاگنے والا ہی چور ہوتا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ اور عالم اسلام کیلئے واحد ایٹمی قوت یافتہ ملک ہے ،ملک کے عوام اسلام کے قلعے کو مضبوط وپائیدار بنانے اور ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی اہمیت اور اس کے نتیجے میں اختیارات کا نچلی سطح پر منتقل ہونا عوام کیلئے سود مند ہے ،عوام کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہی عوام کے حقیقی نمائندوں کو ایوانوں میں پہنچائے گا،پاکستان سنی تحریک واحد جماعت ہے جو اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔

مزید : صفحہ آخر