سیکرٹری ورکرز ویلفیئر واجبات کی ادائیگی کیلئے سہولیات پیدا کریں،جاوید محمود

سیکرٹری ورکرز ویلفیئر واجبات کی ادائیگی کیلئے سہولیات پیدا کریں،جاوید ...

لاہور(خبر نگارخصوصی)محتسب پنجاب جاوید محمود نے سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کو حکم دیا ہے کہ صنعتی کارکنوں کے لواحقین کو قانونی موشگافیوں میں الجھانے کی بجائے واجبات کی ادائیگی کیلئے سہولیات پیدا کریں اور 2012 سے زیر التوا ملتان کے ایک فیکٹری ورکر کی ڈیتھ گرانٹ کا چیک تین ماہ کے اندر جاری کر کے محتسب پنجاب آفس کو رپورٹ پیش کریں۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کی مجراں بیگم نے محتسب پنجاب کو درخواست دی کہ اس کا بیٹا راؤ محمد سجاد کالونی ملز میں سیکورٹی گارڈ تھا جو 2012میں فوت ہوا ۔ اس نے اپنے بیٹے کی ڈیتھ گرانٹ کا کیس ڈسٹرکٹ لیبر افسر ملتان کو بروقت جمع کروایادیا تھا لیکن ابھی تک ڈیتھ گرانٹ کا چیک اسے نہیں ملا۔ محتسب پنجاب نے ممبر انچارج ڈسٹرکٹ ملتان سید بہادر شاہ کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی ۔ انکوائری میں پتہ چلا کہ ڈسٹرکٹ لیبر آفس ملتان اور سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے درمیان معمولی اعتراضات پر طویل خط و کتابت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شکایت کنندہ اپنے حق کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہے۔ سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ نے متاثرین سے جانشینی سرٹیفکیٹ مانگا جو عدالت سے حاصل کرنے کے بعد فراہم کر دیا گیا لیکن بورڈ کی طرف سے ایک اور اعتراض لگا دیا گیاکہ جانشینی سرٹیفکیٹ میں بہن بھائیوں کی بجائے صرف والدہ کا نام ہونا چاہیئے۔ محتسب پنجاب نے سیکرٹری بورڈ کے اعتراض کو بلاجواز اور حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالتیں جانشینی سرٹیفکیٹ ہمیشہ جملہ حقداران کے نام ہی جاری کرتی ہیں۔

جاوید محمود

مزید : صفحہ آخر