بنوں،ٹوچی پل کے قریب ریمورٹ کنٹرول بم دھماکہ ،قبائلی رہنما ملک سید علی جاں بحق
بنوں ( اے این این ) بنوں میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے قبائلی رہنما ملک سید علی جاں بحق ٗ بیٹا شدید زخمی ہوگیا ٗملک سید علی اپنے بیٹے کے ہمراہ گاڑی پر جا رہے تھے سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا، ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ذرائع کے مطابق ملک سید علی اپنے بیٹے کے ہمراہ گاڑی پر جا رہے تھے کہ نالہ ٹوچی پل کے قریب سڑک کنارے نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دھماکے سے ملک سید علی اور ان کا بیٹا عبد الرحمان زخمی ہو گئے جبکہ گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ، دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کو آرٹر ہسپتال بنوں منتقل کیا گیا ، ملک سید علی خان دوران علاج دم توڑ گئے ،بیٹے عبد الرحمن کی حالت تشویشناک ہے ۔دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ملک سید علی مقامی امن کمیٹی کے سربراہ رہ چکے ہیں اوران پر پہلے بھی حملہ ہو چکا ہے ۔حملے کے وقت ملک سید علی خان اپنے گاوں سے شہر کی جانب جارہے تھے ۔