ایسی گھڑی ایجاد جو آپ کا موڈ تبدیل کر کے رکھ دے گی

ایسی گھڑی ایجاد جو آپ کا موڈ تبدیل کر کے رکھ دے گی
ایسی گھڑی ایجاد جو آپ کا موڈ تبدیل کر کے رکھ دے گی

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ’’گھڑی‘‘ کے نام اور کام سے دنیا میں کون واقف نہیں، لیکن لندن کالج آف آرٹ کے 4ڈیزائنرز نے ایک ایسی گھڑی ایجاد کر ڈالی ہے جو آپ کو ٹائم نہیں بتائے گی بلکہ آپ کا موڈ ہی یکسر تبدیل کرنے کا کام سرانجام دے گی، یعنی اگر آپ افسردہ ہو رہے ہیں تو یہ آپ کو خوشی کا احساس دلا دے گی اور اگر آپ پر سستی چھا رہی ہے تو یہ آپ کو ہشاش بشاش بنا دے گی۔ ڈوپل(Doppel)نامی یہ ڈیوائس دراصل گھڑی نہیں، گھڑی نما ایک ڈیوائس ہے جو پہننے والے کی نبض سے اس کے موڈ کا اندازہ کرنے اور نبض ہی کے ذریعے اسے تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگر کوئی شخص سستی اور کاہلی کا شکار ہو رہا ہوگا تو یہ ڈیوائس اس کی نبض کو تیز کردے گی جس سے وہ شخص چاک و چوبند ہو جائے گا اور اگر کوئی شخص ذہنی دباؤ کا شکار ہو گا تو ڈیوائس اس کی نبض کو آہستہ کر دے گی جس سے اس کا دماغ پرسکون ہو جائے گا۔یہ ڈیوائس گھڑی کی طرح کلائی میں پہنی جاتی ہے اور پہننے والے کی نبض میں تبدیلی اس کی کم یا زیادہ تھرتھراہٹ کی وجہ سے ہوتی ہے۔ڈیوائس آئندہ سال اپریل میں مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی اور اس کی قیمت 70پاؤنڈ(تقریباً 11ہزار روپے)ہو گی۔گھڑی کے ایک موجد44سالہ فوٹنی مارکوپولو کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس مکمل طور پر کام کرے گی اور یہ کوئی فیشن آئٹم نہیں ہے۔ فوٹنی کا کہنا تھا کہ شاید اس میں گھڑی کی طرح وقت دکھانے کی سہولت بھی شامل کر دی جائے لیکن فی الحال یہ آپشن زیرغور نہیں۔

مزید : صفحہ آخر