دوسرا ٹی 20: جنوبی افریقہ نے ”گھر کے شیروں“ کو گھر میں ہی دھول چٹا دی

دوسرا ٹی 20: جنوبی افریقہ نے ”گھر کے شیروں“ کو گھر میں ہی دھول چٹا دی
دوسرا ٹی 20: جنوبی افریقہ نے ”گھر کے شیروں“ کو گھر میں ہی دھول چٹا دی

  

کٹک (مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومنی نے ناقابل شکست 25 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر ایا۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ جنوبی افریقہ نے بھارتی سورماﺅں کو تگنی کا ناچ نچا دیا، باﺅلرز نے بھارتی بلے بازوں کو ایسا گھمایا کہ پوری ٹیم ہی 92 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ”گھر کے شیر“ گھر میں ہی ”گیدڑ“ بن گئے اور ٹی 20 کرکٹ میں اپنے دوسرے کم ترین سکور پر آﺅٹ ہو گئے۔

بھارت پہلی وکٹ 28 کے مجموعی سکور پر گری جس کے بعد ”لائن“ ہی لگ گئی اور بلے باز کریز پر محض ”حاضری“ دینے ہی آئے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور سریش رائنا 22 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے جبکہ 4 بلے باز کوئی سکور بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے اور یوں بھارتی ٹیم ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں اپنے دوسرے کم ترین سکور پر آﺅٹ ہو گئی۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف کم ترین سکور 74 پر آﺅٹ ہو چکی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکل نے 3 جبکہ عمران طاہر اور موریس نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے بلے بازی بھی مشکلات کا شکار رہے تاہم فاف ڈوپلیسس اور جے پی ڈومنی نے ذمہ دار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ جے پی ڈومنی نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے جبکہ فاف ڈوپلیسس 16 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

بھارت کی جانب سے ایشون نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 8 اکتوبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل