بلوچستان چیمبر آف کامرس کے وفد کی ڈی جی نیب سے ملاقات

بلوچستان چیمبر آف کامرس کے وفد کی ڈی جی نیب سے ملاقات

  

کوئٹہ (این این آئی )بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ڈی جی نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ سے جمعرات کو یہاں نیب آفس میں ملاقات کی،ڈی جی نیب بلوچستان نے وفد سے این اے او کی شق 33-C کے تحت بننے والی نیب کی ای فارمز ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، کسٹم اور ایف بی آر کی کمیٹیوں میں اصلاحات کو حتمی شکل دینے کے لئے چیمبر سے تجاویز طلب کیں۔ڈائر یکٹر نیب بلوچستان ہارون رشید، پیٹرن ان چیف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈی جی نیب بلوچستان نے کہا تاجر برادری کی ملکی معیشت میں کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے جنکی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو روز گار میسر ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا قومی خزانے کو نقصان سے بچانے اور بلوچستان میں در آمدات و بر آمدات کے نظام میں اصلاحات کے لئے ای فارمز پر تیزی سے کام جاری ہے۔ جبکہ کرپشن کا سبب بننے والے کسٹم، ایف بی آراور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے نظام میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلی کا عمل آخری مراحل میں ہے۔ اس ضمن میں چیمبر کی جانب سے دی گئی تجاویز کو حتمی ڈرافٹ کا حصہ بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا بلوچستان اپنے مخصوص جغرافیائی حیثیت ، محلِ وقوع اوردو ہمسایہ ممالک کیساتھ طویل سرحد کی وجہ سے ملک کا ایک اہم صوبہ ہے۔جہاں تجارت کے فروغ سے نہ صرف ملکی محاصل میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ معیشت کو بھی دوام دیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے تاجر برادری کی قانونی تجارتی سر گرمیوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُنکا ملک کی تعمیر و ترقی نمایاں کردار ہے۔قبل ازیں بلوچستان چیمبر آف کامرس کے وفد نے ای فارمز ،کسٹم ، ایف بی آر اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے نظام میں بہتری سمیت نیب کے دائرے میں آنے والے دیگر شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

مزید :

کامرس -