صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے سی ڈی اے کا کردار اہم‘ اسلام آبادچیمبر

صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے سی ڈی اے کا کردار اہم‘ اسلام آبادچیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد( آن لائن ) سی ڈی اے مزدور یونین کے ایک وفد نے یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یاسین کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو اپنا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ مقامی تاجر برادری کے 90فیصد مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں جن کو حل کرنے کیلئے سی ڈی اے مزدور یونین کا قریبی تعاون اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین سی ڈی اے اور چیمبر کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرے اور صنعت و تجارت کے مسائل حل کرانے میں بھرپور معاونت کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا ۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یو نین کاروباری طبقے کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے لہذا اس کا تعاون صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی سی ڈی اے ملازمین کا کردار بہت اہم ہے لہذا وہ اپنی کارکردگی سے سی ڈی اے کو ایک مثالی ادارہ بنانے کی کوشش کریں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کی چیمبر سی ڈی اے ملازمین کے قانونی حقوق کے تحفظ کی حمایت کرے گا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ تاجر برادری مقامی معیشت کی ترقی میں ریڈھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے اور اسلام آباد شہر کی ترقی میں بھی تاجروں و صنعتکاروں کا اہم کردار ہے لہذا سی ڈی اے مزدور یونین صنعت وتجارت کے مسائل حل کرانے میں بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور اسلام میٹروپولیٹن کارپوریشن کے درمیان شعبوں اور وسائل کی تقسیم پر تناؤ کی وجہ سے شہر کی ترقی کافی متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر کی سی ڈی اے بورڈ میں شمولیت کی بھرپور حمایت کرتی ہے جس سے تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ ہو گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی ، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک ، چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اوراس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے یونین تاجر برادری کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی کوششوں میں چیمبرکا بھرپور ساتھ دے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا، شہر تیزی سے ترقی کرے گا اور مقامی معیشت مضبوط ہو گی۔#/s#

مزید :

کامرس -