وفاقی ٹیکس محتسب ایڈوائزر کا دورہ راولپنڈی چیمبر ، تاجروں کو بریفنگ

وفاقی ٹیکس محتسب ایڈوائزر کا دورہ راولپنڈی چیمبر ، تاجروں کو بریفنگ

  

راولپنڈی ( کامرس ڈیسک)وفاقی ٹیکس محتسب ایڈوائزر طارق احد نوازنے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا تاجروں کو ایک پریزنٹیشن دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری اور ٹیکس کنندگان کی شکایات کے ازالے اور انہیں ریلیف دینے کے لیے تما م اقدامات اٹھا رہی ہے، تاجر برادری ایف ٹی او کی سروسز سے فائدہ اٹھائیں ، انہوں نے کہا کہ جون دوہزار اٹھارہ تک نو سو کے قریب شکایات فائل کی گئیں جن میں سے 772 نئی اور 236 پرانی تھیں ایک ہزار شکایات پر کاروائی کی جا چکی ہے انہوں نے کہا کہ کیس مکمل کرنے کا دورانیہ اب چالیس دن کا ہے انہوں نے راولپنڈی چیمبر کی جانب سے دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری آگے آئے اور ٹیکس کے نظام میں اصلاحات اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار پر اپنی سفارشات دے انہوں نے کہا کہ آگہی مہم کے تحت مزید سیشن بھی کیے جائیں گے۔اس موقع پر صدر راولپنڈی چیمبر ملک شاہد سلیم نے کہا کہ تاجر سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا طبقہ ہے، فائلرز کو نان فائلرز کے مقابلے میں زیادہ مراعات دی جائیں انہوں نے وفاقی ٹیکس محتسب ایڈوائزر طارق احد نوازکے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آگاہی سمینارز سے تاجروں کا موقف سننے اور مفید تجاویز پیش کرنے کا موقع ملتا ہے ملک بھر میں تاجر سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کے اقدامات کرے بجٹ کی تشکیل کے لیے ایک بورڈ بنایا جائے جس میں تاجر برادری کو نمایاں نمائندگی دی جائے ۔

سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی لائی جائے آڈٹ کے طریقہ کار اور نظام میں اصلاحات لائی جائیں گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ ٹیکس کنندگان کو عزت دی جائے تاجر برادری ٹیکسوں کی وصولی کے نام پر ہراساں کرنے کے خلاف ہے ایک فعال محتسب وقت کی ضرورت ہے تاکہ شکایات کا فوری ازالہ ہو سکے اور کیسز التوا کا شکار نہ ہوں ایف بی آر کے پاس ایکسپورٹرز کے پیسے پھنسے ہوئے ہیں سرمائے کی فوری دستیابی کے لیے ری فنڈز کی واپسی کے عمل کو تیز کیا جائے ، یکساں ٹیکسوں کا نظام لایا جائے ، وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں میں عدم مساوات اور فرق دور کیے جائیں

اجلاس میں سینئر نائب صدر بدر ہارون ، نائب صدر فیاض قریشی، سابق صدور، ٹیکس امور کی کمیٹی کے چیئر مین ملک شہزاد، وائس چیئر مین فراز فضل شیخ اور تاجر برادری کے نمائندے بھی موجود تھے

مزید :

کامرس -