امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کاوفدپاکستان کا دورہ کریگا

امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کاوفدپاکستان کا دورہ کریگا

  

کراچی (اکنامک رپورٹر) امریکہ پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم کا اعلیٰ سطحی وفد فورم کے صدر کی قیادت میں رواں ماہ کے آخرمیں پاکستان کے ہفت روزہ دورے پر کراچی پہنچے گا۔ امریکہ سے آنے والا وفد فورم کے پاکستان چیپٹر کے عہدیداران کے ہمراہ اہم کاروباری و حکومتی شخصیات سے ملاقات کرے گا۔ اس دوران امریکہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم کے صدر اور منیجنگ پارٹنر آئی سی سی ایم سی ، ایل ایل سی امریکہ نوید عیسیٰ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مختلف منصوبے بھی پیش کریں گے۔ اس بات کا اعلان فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) کی پبلک ریلیشنز قائمہ کمیٹی کے چیئرمین شجاعت علی بیگ نے کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے بورڈ روم میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے سیکریٹری سید ناصر وجاہت، سید تراب شاہ، یونس بلو، ڈپٹی منیجر کوآرڈینیشن ایف پی سی سی آئی عرفان حسین، کاشف رفعت، راشد نواب، مبشر میر، مجاہد علی، وحید جمال، سید وجاہت علی، وحید جنگ، ڈاکٹر آصف احمد خان، پرویز جارج، عروج فاطمہ، واجد نصر اور اختر شورو نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شجاعت علی بیگ نے کمیٹی میں معروف صنعت کار یونس بلو کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیااور امید ظاہر کی کہ وہ کمیٹی کے ایونٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

پبلک ریلیشنز کمیٹی کے چیئرمین شجاعت علی بیگ نے امریکہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اراکین کو بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ فورم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں معروف صحافی مبشر میر نے تجویز دی کہ پی آر کمیٹی کے تحت مزید میگا ایونٹس منعقد کیے جائیں۔ کمیٹی چیئرمین نے اس مقصد کے لیے فوری طور پر ذیلی کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔ پرویز جارج کی تجویز پر پبلک ریلیشنز کے نومبر میں آنے والے عالمی دن پر بھی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں پاکستان کی پبلک ریلیشنز انڈسٹری کے مایہ ناز لوگوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ کمیٹی کو کاشف رفعت نے بتایا کہ انہوں نے امریکہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم وفد کے دورے سے متعلق تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اپنا ہر ممکن تعاون بھی کریں گے۔ پی آر کمیٹی کے سیکریٹری سید ناصر وجاہت نے بتایا کہ یہ فورم ، آئی سی سی ایم سی، ایل ایل سی امریکہ کے بینر تلے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ اجلاس میں چیئرمین شجاعت علی بیگ نے کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیااور کہا کہ کمیٹی فیڈریشن کے ایونٹس میں بھی اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس رواں ہفتے منعقد ہو گا جس میں فورم کے وفد کے دورے اور پی آر کمیٹی کے اگلے پروگرام کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

مزید :

کامرس -