سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر سیٹلائٹ ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں،چودھری سرور

سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر سیٹلائٹ ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں،چودھری سرور

  

لاہور(نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ صوبے کے انتظامی معاملات اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے یہاں سپارکو کے زیر اہتمام ورلڈ سپیس ویک 2018کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ممبر سپیس ایپلیکشن اینڈ ریسرچ سپارکو عمران اقبال، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور ڈائریکٹر جنرل ریکسیو 1122رضوان نصیر کے علاوہ سائنسدانواں اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ قرآن پاک میں خلاء کو تسخیر کرنے سے لے کر زمین کے اندر چھپے خزانوں کو تلاش کرنے کا ابدی پیغام موجود ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ اِس عظیم کتاب الہٰی سے وہ علم اور رہنمائی نہیں لی جارہی جس کی وجہ سے ہم ترقی یافتہ قوموں سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ سپیس ٹیکنالوجی کے مناسب استعمال سے ملکی ترقی اور خوشحالی میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ گورنر نے سپارکو کی طرف سے 2ریمورٹ سٹلائٹ خلاء میں چھوڑے جانے پر سائنسدانوں اور انجینئر ز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو بین الاقوامی معیار پر لانا اِن کا خواب ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت یونیورسٹیز میں ریسرچ کی حوصلہ افزائی کرے گی اور ان کو تمام دستیاب وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے سپارکو کے دفتر میں پودا بھی لگایا۔

مزید :

صفحہ آخر -