کمشنرمردان کی انتقالات کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کی ہدایت

کمشنرمردان کی انتقالات کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کی ہدایت

  

مردان (بیورورپورٹ)کمشنر مردان ڈویژن عبدالغفور بیگ نے سروس ڈیلیوری سنٹر کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ انتقالات کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور اس حوالے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔وہ اپنے دفترمیں مردان کے مختلف شہری علاقوں کے ایک وفد سے بات چیت کرر ہے تھے جس نے صوبائی اسمبلی کے رکن ظاہر شاہ طورو کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔وفد نے کمشنر مردان کو خانہ کاشت میں انتقالات کی بندش ، رجسٹرار آفس میں رجسٹریوں میں تاخیر اور ایس ڈی سی میں سٹاف کی کمی اور روزانہ کی بنیاد پر انتہائی کم ٹوکن جاری کرنے سے متعلق اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ اس موقع ظاہر شاہ طورو ایم پی اے نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔انتقالات اور محکمہ مال کے نظام کو کمپیوٹرزئزڈ کرنا ایک انقلابی اقدام ہے تاہم اس میں وقت کے ساتھ ساتھ اصلاحات کرنا بھی وقت کی ضرورت ہے تاکہ نیا نظام پرانے نظام کی جگہ سنبھال سکے اور عوام کو ریلیف مل سکے ۔ کمشنر مردان عبدالغفور بیگ نے وفد کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے ۔اُنہوں نے کہا کہ انتقالات اور دیگر مسائل کے پائیدار حل کے لیے محکمانہ سطح پر حکمت عملی طے کی جائے گی اور ڈپٹی کمشنر مردان ، ایس ڈی سی حکام ۔ ایم پی اے ظاہر شاہ طورو اور دیگر سٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں اس حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے ۔اُنہوں نے بعض مسائل کے حل کے لیے موقع پرہی احکامات جاری کیے ۔وفد کے ارکان نے اپنے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر کمشنرمردان کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -