پی ٹی آئی کوکمزورکرنیوالے ناکام ہونگے،اکبر خان تنولی

پی ٹی آئی کوکمزورکرنیوالے ناکام ہونگے،اکبر خان تنولی

  

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کوشش کرنے والے ناکامی کا سامنا کریں گے۔ ضمنی انتخابات میں مخالفین جتنا مرضی زور لگا لیں کامیابی پی ٹی آئی کا مقدر بن چکی ہے جو اس سے کوئی مائی کا لال نہیں چھین سکتا۔ عمران خان نے کرپشن فری پاکستان کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔آنے والے دنوں میں عوام اس ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا دیکھیں گے جہاں انصاف اور قانون کا بول بالا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور حلقہ پی پی 3کے ضمنی انتخابات میں نامزد امیدوار اکبر خان تنولی نے حسن ابدال کے مختلف بازاروں کے دورے کے موقع پر تاجروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے عہدیداران اور ورکروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جبکہ بازار کے دورے کے دوران تاجروں کی جانب سے ان کا پر جوش استقبال کیا گیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ نوجوان ان کے ساتھ سلفیاں بناتے رہے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجر اس ملک کا قیمتی سرمایا ہیں جو اس کی معیشت میں اہم مقام رکھتے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں بننے والی پالیسیوں کے ثمرات بہت جلد عوام کو پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس ملک میں انصاف اور قانون کا بول بالا ہو اور سب شہریوں کے لیے ایک قانون ہو ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی سازشیں کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پی پی 3میں پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے یہاں کا ووٹر کل بھی عمران خا ن کے ساتھ تھا اور آج بھی ہر جانب عمران خان کے چاہنے والے موجود ہیں۔ اکبر خان تنولی نے کہا کہ 14اکتوبر کو اٹک کے عوام پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کر کے ہمارے اس دعوے کو دوبارہ ثابت کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ احتساب کے خوف سے شور مچانے والوں کو عوام ماضی کی طرح مسترد کر کے ان کی منافقانہ سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -ملتان صفحہ آخر -