تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ، غریبوں کے گھر نہ گرائے جائیں : علیم خان

تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ، غریبوں کے گھر نہ گرائے جائیں : علیم خان

  

لاہور(جنرل رپورٹر) تجاوزات کے خلا ف آپریشن میں جوہر ٹاؤن میں کارروائی کر کے ایل ڈی اے کی کروڑوں مالیت کی25کنال سے زائد اراضی واگزار کرا لی گئی، سمسانی روڈ قبرستان کے ایریا پر قابضین کے گھروں،حویلیوں اور بھینسوں کے باڑوں کو مسمار کرکے 25کنال کرڑوں روپے مالیت کی ایل ڈی اے کی زمین کو واگزار کروا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قیمتی سرکاری اراضی قبضہ گروپوں ‘لینڈ مافیااور غیر قانونی تعمیرات سے واگزار کروانے کے لئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے عملے نے آپریشن کے تیسرے روز جوہر ٹاؤن سکیم میں کارروائی کر کے ایل ڈی اے کی ملکیتی کروڑوں روپے مالیت کی25کنال سے زائد اراضی واگزار کروالی۔ایل ڈی اے کے عملے نے جوہر ٹاؤن کے بلاک ایف ٹو میں واقع سمسانی قبرستان کی 15کنال اراضی پر غیر قانونی تعمیر شدہ مکانات‘دکانیں‘لنگر خانہ ‘بھینسوں کا باڑہ اور دیگر تعمیرات مکمل طور پر مسمار کر کے اس ار اضی کا قبضہ حاصل کر لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے کہاہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف پنجاب حکومت کی پالیسی زیر و ٹالرنس ہے ۔قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واگزار کروانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے عبد الشکور رانا نے ذاتی طور پرآپریشن کی نگرانی کی‘ اس موقع پر متعلقہ افسران کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔دریں اثناضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر کے دو مقامات پر تیسرے روز بھی انسداد تجاوزات مہم کے تحت آپریشن کو جاری رکھااور گرین اینڈ کلین پاکستان پروگرام کے تحت سمسانی روڈ قبرستان اورلٹن روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے ایل ڈی اے کے ساتھ ملکر سمسانی روڈ قبرستان کے ایریا پر قابضین کے گھروں،حویلیوں اور بھینسوں کے باڑوں کو مسمار کرکے 25کنال کرڑوں روپے مالیت کی ایل ڈی اے کی زمین کو واگزار کروا لیا گیا ہے۔آپریشن میں اے سی رائیونڈ سمیت ایل ڈی اے کے افسران نے شرکت کی اور بھاری مشینری کی مدد سے پختہ سٹریکچرز کو مسمار کیا گیا ۔دوسری ٹیم نے ایم سی ایل کے ساتھ ملکر لٹن روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اور عارضی و پختہ تجاوزات کو مسمارکیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر) انوارالحق نے تیسرے روز آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے سمسانی روڈ قبرستان اور لٹن روڈ کا دورہ کیا اور آپریشن کی نگرانی کی۔ میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہربھر میں آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے اور وہ خود تمام آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔انسداد تجاوزات مہم کے دوسرے روز کی رپورٹ بتاتے ہوئے ڈی سی لاہور نے کہا کہ تحصیل سٹی کی حدود میں سبزہ زار میں آپریشن کیا گیا ۔ 50کنال پر بنے ٹرک اسٹینڈ کو ختم کروایا گیا۔50کنال جگہ کمرشل ہے اورقبضہ شدہ جگہ پر 250ٹرک اسٹینڈ اور کنٹینرز اسٹینڈ تھے اور تین منزلہ دو عمارتوں کو مسمار کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ50کنال جگہ کی مالیت 2000ملین روپے ہے۔ سبزہ زار سکیم میں ہی 4کنال کے پلاٹ سے ٹرک اسٹینڈ کو ختم کروا یا گیا ہے اورباؤنڈری وال کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ 4کنال جگہ بھی کمرشل ہے اور4کنال جگہ کی مالیت 160ملین بتائی جاتی ہے۔ ڈی سی لاہور نے بتایا کہ مقدمات کے اندراج کے لئے تھانوں میں درخواست دے دی گئی ہے۔ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوارالحق نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری ہے۔

آپریشن

لاہور(جنرل رپورٹر، نمائندہ خصوصی ) سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوسرے روز سامنے آنے والی صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے اور ڈپٹی کمشنرکو ہدایت کی ہے کہ شہر میں کہیں بھی کچی آبادیوں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں ہو گا اور کسی غریب کا گھر نہیں گرایا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے سختی سے ہدایات دی ہیں کہ کہیں بھی جھگیوں اور کم درجے کی رہائشی آبادیوں کو نہ چھیڑا جائے البتہ کسی بھی سرکاری جگہ پر کسی قسم کی غیر قانونی کاروباری سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے بنائے گئے شادی گھر ،پرائیویٹ پلازے یا کمرشل عمارتوں کو فوری طور پر گرایا جائے اوروہاں غیر قانونی قابضین کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے ،عبدالعلیم خان نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ہدایات دی ہیں کہ آئندہ ہربنس پورہ جیسی صورتحال پیدا نہ ہو کیونکہ پنجاب حکومت کا یہ آپریشن طاقتور مافیا کے خلاف ہے اس سے کسی بھی غریب شہری کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے ،سینئروزیر نے کہا کہ عمران خان کی خصوصی ہدایات پر انہوں نے آپریشن کے آغاز سے پہلے ہی طے کیا تھا کہ بیواؤں ،یتیموں اور غریبوں کو اس آپریشن میں نشانہ نہیں بنایا جائے گاالبتہ کمرشل سرگرمیاں کرنے والے افراد کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو اسے ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا ، اس آپریشن کو روکے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اسے ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔

علیم خان

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -ملتان صفحہ آخر -