”شہباز شریف کو گرفتار کر کے ہم یہ کام کر رہے ہیں“ فیاض الحسن چوہان کے دعوے نے سب کو حیران کر دیا

”شہباز شریف کو گرفتار کر کے ہم یہ کام کر رہے ہیں“ فیاض الحسن چوہان کے دعوے نے ...
”شہباز شریف کو گرفتار کر کے ہم یہ کام کر رہے ہیں“ فیاض الحسن چوہان کے دعوے نے سب کو حیران کر دیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری پر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا بیان سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ،نام نہاد خادم اعلیٰ کی کرپشن صاف پانی سکیم کے سکینڈل کے ذریعے بےنقاب کررہے ہیں، نام نہاد خادم اعلیٰ نے منصوبوں میں من پسند لوگوں کو نوازنے کے لئے اقربا پروری اور کرپشن کی انتہا کر دی ،رانا مشہود کے ذریے شہباز شریف نے جو حرکت کی ہے وہ انہیں شکست دے گی۔

نجی ٹی وی چینل” جیونیوز“ کے مطابق وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ نام نہاد خادم اعلیٰ نے پچھلے دس سال سے پنجاب کے ساتھ پاکستان کی عوام کی قسمت میں خاکے،ڈاکے،دھماکے اور ناکے لکھے،پاکستان اور پنجاب کا خزانہ اقرباپروری اور کرپشن کی نذر کردیاگیا،نام نہاد خادم اعلیٰ کی کرپشن صاف پانی سکیم کے سکینڈل کے ذریعے بےنقاب کررہے ہیں،غیر ملکی ٹھیکے داروں کو خادم اعلیٰ نے ٹھیکے دیے، تین سوارب روپے ڈکار کر وہ چلے گئے لیکن صاف پانی نہ کسی کو مل سکا ،پہلے چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹر مجتبی جمال کو لگایا گیا جو  احسن اقبال کے بھائی ہیں،عاصم قادری جو زعیم قادری کے بھائی ہیں انہیں بھی اس پراجیکٹ میں نوازا گیا ،لوٹ مار کرنے کے باوجود ایک گھونٹ پانی دہی علاقوں میں نہیں پہنچا۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ہر اس بندے کو کپمنی سے نکال دیا جاتا تھا جو کوئی ریجیکشن لگاتا تھا،ایک غیر ملکی کو انٹر نیشنل کنسلٹنٹ کے طور پر رکھا گیا، اس کی کوالیفیکیشن صرف سکول تک تھی ،پیپرا کے اصول ضوابط کا خیال نہیں کیا جاتا تھا ،بغیر کسی بولی کے غیر ملکی کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا ، پراجیکٹ میں میٹنگ جو ہوئی ’’مینٹس آف میٹنگ‘ میں واضح لکھا گیا ہے کہ شہباز شریف کی علاوہ کوئی فیصلہ نہیں کر سکتا ،اس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ من پسند لوگوں کو نوازا جائے ۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ  2دن پہلے رانا مشہود نے نام نہاد خادم اعلیٰ کو ،غوث ، قطب ،قلندر اور ولی کے طورپر پیش کرنےکی کوشش کی گئی ،ضمنی انتخاب جیتنے کےلیے رانا مشہود کے ذریے شہباز شریف نے جو حرکت کی ہے وہ انہیں شکست دے گی۔

واضح رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف صاف پانی سکینڈل کی تحقیقات کیلئے نیب میں پیشی کیلئے آئے اور اس دوران انہیں آشیانہ کمپنی کیس میں حراست میں لے لیا گیا،آشیانہ کمپنی کیس میں شہبازشریف پر غیر قانونی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔

مزید :

قومی -سیاست -علاقائی -پنجاب -لاہور -