غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیراہتمام عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے خصوصی تقاریب

غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیراہتمام عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے خصوصی تقاریب
غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیراہتمام عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے خصوصی تقاریب

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام عالمی یوم اساتذہ بھرپور طریقے سے منایا گیا ۔ اس سلسلے میں مختلف شہروں اور غزالی ٹرسٹ کے تمام سکولوں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں اساتذہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور طلباء کی جانب سے ان میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے ۔ مرکزی تقریب لاہور میں ’’استاد کا کردار : توقعات اور مسائل‘‘ کے عنوان سے سیمینار اور مذاکرہ کی صورت میں ہوئی جس میں ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا ، سینئر تجزیہ کار سجاد میر ، ممتاز ماہرین تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ ، سید وقاص جعفری اور ڈاکٹر ممتاز اختر سمیت دیگر شامل تھے ۔ جبکہ اسلام آباد میں ’’میرا استاد ، میرا راہبر‘‘ کے سلوگن سے چائنہ اسکوائر تا ڈی چوک آگاہی واک منعقد کی گئی جس کی قیادت پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاح ایم این اے کنول شازب ، میاں اسلم ، سماجی کارکن ہما جمیل اور سول سوسائٹی کے دیگر اراکین نے کی ۔ آگاہی واک میں شامل مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے اساتذہ کے کردار پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ 

تقاریب میں یہ باور کروایا گیا کہ تعلیم اور ترقی کے بنیادی لوازمات میں اساتذہ کا کردار ترجیحی اہمیت کا حامل ہے ۔ اساتذہ بغیر تحسین کے قوم کی تعمیر کر رہے ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ اساتذہ کی دنیا اصلاً فکری بلندی ، جہد مسلسل اور بے نیازی جیسے عناصر سے تشکیل پاتی ہے ، وہ انسانی روح کو جلا بخشنے والے معمار ہیں ۔ ہمیں اپنے اساتذہ پر فخر کرنا چاہئے ۔ مقررین نے مزید کہا کہ اساتذہ کی تکریم ہمارا اثاثہ تھی جسے ہم کھوتے جا رہے ہیں ۔ معاشرے میں اساتذہ کا احترام ناپید ہو چکا ہے جو کہ معاشرے کے ساتھ بھی ظلم ہے ۔ تقاریب کے مہمانان گرامی کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ کی عزت و احترام ہماری روایت تھی ۔ اس روایت کو بچانے کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا ’’با ادب بامراد بے ادب بے مراد‘‘ کے مصداق اساتذہ کی تکریم لوٹانے کی ضرورت ہے ۔ تقاریب میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی تفریق سے بے نیاز ہو کر اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ 

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -