صعدہ میں یمنی فوج کی پیش قدمی جاری ، شد ید لڑائی میں 25 حوثی باغی ہلاک
صنعاء (این این آئی)یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے ضلع باقم میں سرکاری فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں اور ان میں 25 حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی فوج کے بریگیڈئیر جنرل یاسر الحارثی نے بتایا کہ ان کے دستوں نے عرب اتحاد کے لڑاکا جیٹ کی مدد سے الاسود اور غرہ کے پہاڑی سلسلوں کے علاو ہ قصبے محدیدہ سمیت دوسرے علاقے آزاد کرا لیے ۔یمنی فوج نے باقم اور بین الاقوامی بارڈر کراسنگ الآب کے درمیان شاہراہ کی جانب بھی پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔ان محاذوں پر لڑائی میں حوثی ملیشیا کے بعض کمانڈروں سمیت 25 جنگجو ہلاک ہوگئے ۔فوج نے باقم میں حوثیوں کی بعض چوکیوں تک کمک پہنچانے کے راستے منقطع کردیے جس کی وجہ سے وہاں موجود باغی جنگجو محصور ہو کر رہ گئے ۔
رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کے ہاتھوں شکست کے بعد بہت سے حوثی جنگجو اپنے ہتھیار چھوڑ کر میدان جنگ سے راہ فرار اختیار کر گئے ۔انھوں نے اپنے پیچھے سنائپر رائفلیں ، مارٹرز ، بی 10 رائفلیں ، گولہ بارود سے لدی3 گاڑیاں ، راکٹ گرینڈ ، تھرمل میزائل ، موٹر سائیکلیں اور مواصلاتی آلات چھوڑے ہیں جنہیں فوج نے انھیں اپنے قبضے میں لے لیا ۔