گورنمنٹ ڈگری کالج پبی کے طلبا کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی
پبی (نما ئندہ پاکستان)گورنمنٹ ڈگری کالج پبی کے طلبا نے کشمیر کے نہتے عوام پر ہندوستانی فوج کے مظالم کے خلاف جی ٹی روڈ پر یکجہتی ریلی نکالی۔ اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں کی طرح نوشہرہ کی تحصیل پبی میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر گورنمنٹ ڈگری کالج پبی کے طلبا نے پرنسپل پروفیسر خالد سہیل ملک کی قیادت میں کشمیری عوام کے کے ساتھ یکجہتی ریلی نکالی اور ہندوستانی افواج کا نہتے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ریلی میں کالج کے طلبا اور سٹاف نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور ہندوستانی افواج کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر کالج کے طلبا نے زبردست نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کالج پرنسپل پروفسیر خالد سہیل ملک نے کہا کہ کشمیر کی آذادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے۔ ہندوستان جتنے مظالم کشمیریوں پر ڈھائیں گے کشمیر کی آزادی کی تحریک اتنی مضبوط سے مضبوط ہوتی جائیگی۔ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کی آواز بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران کی ولولہ انگیز قیادت میں جس انداز سے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھایا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی تو پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور ہندوستان کو شکست فاش دی جائیگی۔